سرینگر (اے این این) مقبوضہ جموں وکشمیرمیں بھوک ہڑتال پر بیٹھے لبریشن فرنٹ کے محبوس و علیل چیئرمین یاسین ملک کو صورہ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ سے نکال کر اسلام آباد جیل منتقل کر دیا گیا ہے، جس پر فرنٹ سے شدید احتجاج کیا ہے۔ اس سلسلے میں فرنٹ کے زیر اہتمام ایک مشعل بردار جلوس بھی نکالا گیا۔ یاسین ملک جو پہلے ہی علیل تھے، گزشتہ چار دن سے بھوک ہڑتال پر ہونے کی وجہ سے ان کی حالت مزید بگڑ گئی ہے۔ لبریشن فرنٹ نے انہیں اس حالت میں ہسپتال سے نکال کر جیل میں منتقل کرنے کے اقدام کو پولیس کا ظلم اور جبر قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس صور ت حال میں جہاں انہیں ہسپتال میں ہونا چاہئے تھا، پولیس نے ظلم و جبر کا مظاہرہ کرتے ہوئے یاسین ملک کو علیل حالت میں رات دیر گئے اسلام آباد جیل منتقل کیا۔ یاسین جیل کے اندر بھی اپنی بھوک ہڑتال جاری رکھے ہوئے ہے اور آخری اطلاع موصول ہونے تک ان کی حالت نہایت ابتر ہوچکی ہے۔ لبریشن فرنٹ نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ اس بدتر صورت حال کا فوری نوٹس لیتے ہوئے لبریشن فرنٹ نے فیصلہ کیا ہے آج پارٹی کے جملہ قائدین و ارکان اور زندگی کے دوسرے شعبہ جات سے تعلق رکھنے والے لوگ یاسین کیساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے پولیس کے جبر اور حریت پسند قائدین و اراکین کی مسلسل نظر بندی کے خلاف ایک روزہ علامتی بھوک ہڑتال کریں گے۔
مقبوضہ کشمیر:یاسین ملک کو ہسپتال سے جیل منتقل کر دیا گیا،حالت مزید بگڑ گئی
Dec 25, 2014