فلم انڈسٹری آج کل زوال کا شکار‘ حالات بہتر ہو رہے ہیں : جیاعلی

Dec 25, 2014

لاہور (سیف اللہ سپرا) معروف ماڈل و اداکارہ جیاعلی نے کہا ہے کہ عروج و زوال زندگی کے ہر شعبے میں ہوتا ہے۔ فلم انڈسٹری جو اس وقت زوال کا شکار ہے کسی دور میں یہ عروج پر تھی۔ سال میں ڈیڑھ سو کے قریب فلمیں بنتی تھیں۔ ناامیدی والی بات نہیں ہے‘ اب حالات بہتری کی طرف جا رہے ہیں۔ پچھلے سال درجن سے بھی کم پاکستانی فلمیں ریلیز ہوئی تھیں۔ اس سال 21 فلمیں ریلیز ہوئی ہیں یعنی پچھلے سال کی نسبت دوگنا زیادہ فلمیں ریلیز ہوئی ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ میں نے 1991ءمیں ماڈلنگ سے اپنے فنی کیرئیر کا آغاز کیا۔ پہلا کمرشل جینز کا تھا۔ اس کے بعد فلمساز سجادگل سے میری ملاقات ہوئی۔ انہوں نے مجھے اپنی فلم ”دیوانے تیرے پیار کے“ میں کاسٹ کر لیا۔ یہ میری پہلی فلم تھی اس فلم میں اداکار معمر رانا میرے ہیرو تھے۔ یہ فلم سپرہٹ ہوئی۔ اس کے بعد میری متعدد فلمیں ریلیز ہوئیں جن میں فلمساز جمشید ظفر کی ”دل دیوانہ“ بہت کامیاب رہی۔ انہوں نے کہا کہ میں آج کل ایک فلم سایہ خدائے ذوالجلال میں کام کر رہی ہوں۔ اس فلم میں میرا کردار بہت مضبوط ہے۔ اس فلم کا سبجیکٹ بھی بہت اچھا ہے۔ امید ہے کہ یہ فلم لوگوں کو پسند آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ میں ٹی وی ڈراموں میں بھی کام کر رہی ہوں اور فلموں کی طرح ڈراموں میں بھی لوگ میری اداکاری پسند کر رہے ہیں۔

مزیدخبریں