کوئٹہ (بیورو رپورٹ) ڈپٹی چیئرمین سینٹ اور جمعیت علماءاسلام کے سیکرٹری جنرل مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا ہے کہ بلوچستان میں ناراض بلوچوں کے ساتھ بااختیار لوگوں کو بیٹھنا چاہئے اگر مجھے ذمہ داری سونپی گئی تو اپنے صوبے کے امن کیلئے بہت کچھ کرنے کو تیار ہوں مری اور لاہو ر میں صوبوں کے فیصلے ہونے سے احساس محرومی اور شکوک و شبہات پیدا ہوتے ہیں۔سعودی عرب کی قیادت میں مسلم ممالک کے اتحاد سے نیٹو سمیت مغربی ممالک کی مداخلت کو روکنے اور مسلمان ممالک کو اپنے فیصلے خود کرنے میں مدد ملے گی ۔ سندھ میں رینجرز کے اختیارات کو بڑھانے کا فیصلہ آل پارٹیز نے کیا تھا اب اختیارات کم کرنے کے لیے بھی آل پارٹیز کانفرنس بلائی جائے آئینی اداروں کی ایک دوسرے کی کام میں مداخلت سے ٹکراﺅ اور ملک میں انتشار پیدا ہو تا ہے۔ گوادر کاشغر راہداری منصوبہ ایک میگا پراجیکٹ ہے اس سے پاکستان معاشی طورپر اپنے پاﺅں پر کھڑا ہو سکتا ہے گوادر میں تمام امور پر اختیارات صوبے کو حاصل ہونا چاہئیں اور صوبے وفاق سے مدد طلب کر سکتے ہیں ان خیالات کا اظہار انہوں نے میر منیر احمد شاہوانی کے گھر پر صحافیوں سے گفتگو اور سوالات کے جواب دیتے ہوئے کیا۔
عبدالغفور حیدری