سری نگر (اے این این)مقبوضہ کشمیر کے علاقے ادھم پور میں کھلونانما بم پھٹنے سے تین کم سن بچے شہید ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز ادھم پور کے گائوں ترنوٹی میں اس وقت قیامت ٹوٹ پڑی جب بارودی موادکے ایک لرزہ خیز دھماکے میں3 سگے بھائی موت کی ابدی نیند سوگئے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ تینوں بچوں نے کوڑا کرکٹ کے ڈھیر میں ممکنہ طور موجود بارودی شیل کو کھلونا سمجھ کر چھیڑ چھاڑ کرنے کی کوشش کی جس کے نتیجے میں زوردار دھماکہ ہوا۔ جس کے نتیجے میںدو بچوں نے موقعہ پر ہی دم توڑ دیا تھا جبکہ ایک بچے کو شدید زخمی حالت میں ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ کچھ دیر بعد ہی زخموں کی تاب نہ لا کر چل بسا۔ واقعہ کی خبر پورے علاقے میں جنگل کے آگ کی طرح پھیل گئی اور جب تینوں سگے بھائیوں کی نعشیں ان کے آبائی گھر پہنچائی گئیں تو علاقے میں صف ماتم بچھ گئی۔ خواتین کو سینہ کوبی کرتے دیکھا گیا جبکہ ایک ساتھ تین بچوں کی نعشیں دیکھ کر کئی لوگ صدمے کی وجہ سے بے ہوش ہو گئے۔ واقعہ کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ حریت کانفرنس نے واقعہ کے خلاف آج جمعہ کو ہڑتال کی کال دے دی ہے ۔ دوسری جانب ترال میں بھارتی فوج نے مطلوب مجاہدین کا ٹھوس سراغ نہ ملنے کے بعد 7 مجاہدین کے خلاف اشتہاری مہم شروع کردی ہے جس کے تحت قصبہ کے اطراف میں جنگجوں کی تصاویر کے ساتھ پوسٹر چسپاں کرکے ان کے بارے میں اطلاع دینے والوں کیلئے نقد انعام کا اعلان کیا گیا ہے تاہم اشتہارات میں مطلوب ترین حزب کمانڈر برہان وانی کا نام شامل نہیں ہے۔ چیئرمین حریت کانفرنس علی گیلانی نے داعش کو دہشت گرد قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایسی جماعتوں کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں ٗ یہ تمام اسلام دشمن قوتوں کی پیداوار ہیں ٗہمیں ان سب کا ایک اکائی بن کر مقابلہ کرنا ہوگا، امت مسلمہ کیلئے پاکستان کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے، بھارت سوچے سمجھے منصوبے کے تحت ہماری دینی اور تہذیبی شناخت کو مٹانا چاہتا ہے، ہماری کمزوریاں آزادی کی منزل کو ہم سے اور دور کردیں گی ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے 12 ربیع الاول کی مناسبت سے منعقدہ سیرت کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ دوسری جانب رواں برس 79کشمیری نوجوانوں کے مجاہدین کی صفوں میں شامل ہونے کا انکشاف کرتے ہوئے مرکزی وزارت داخلہ نے کہا ہے کہ یہ تعداد گزشتہ برس کے مقابلے میں30فیصد زیادہ ہے، جموں کشمیر میں مجاہدین کی سرگرمیوں پر متواتر نظر رکھی جا رہی ہے۔ حریت کانفرنس (ع) کے چیئرمین میرواعظ عمر فاروق نے کشمیر میں ہند نوازسیاسی جماعتوں کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ یہ لوگ وقت بدلنے کے ساتھ ساتھ اپنی بولی بھی بدلتے رہتے ہیں۔ لبریشن فرنٹ کے سپریم ہیڈ امان اللہ خان نے پاکستان بھارت دوطرفہ مذاکرات پرشدیدتحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کشمیر ی پاکستان اور بھارت کے خلاف نہیں تاہم ماضی کی طرح یہ مذاکرات بھی نتیجہ خیز نہیں ہوں گے کیونکہ ان میں کشمیر یوں کو شامل نہیں کیا گیا ہے۔ ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ مسئلہ کشمیر پائیدار اور دیرپا حل سہ فریقی مذاکرات میں مضمر ہے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق سب ڈویژنل پولیس افسر بیج بہاڑہ اور ایک اہلکار نامعلوم افراد کی طرف سے قصبے میںایک پولیس پارٹی پر فائرنگ کے نتیجے میں زخمی ہو گئے۔