بلوچستان: ثناء اللہ زہری بلامقابلہ وزیراعلیٰ‘ راحیلہ درانی سپیکر منتخب

کوئٹہ (نیٹ نیوز+ ایجنسیاں) پاکستان مسلم لیگ ن بلوچستان کے صوبائی صدر نواب ثناء اللہ زہری بلوچستان کے بلامقابلہ وزیراعلیٰ اور راحیلہ حمید خان درانی بلامقابلہ سپیکر منتخب ہو گئی ہیں۔ وہ بلوچستان اسمبلی کی تاریخ میں پہلی منتخب خاتون سپیکر ہیں۔ بلوچستان اسمبلی میں کاغذات نامزدگی جمع کرانے کے لئے مقررہ اوقات کار میں نواب ثناء اللہ خان زہری کے مقابلے میں کسی رکن اسمبلی نے کاغذات نامزدگی جمع نہیں کرائے جس کے بعد نواب ثناء اللہ خان زہری بلامقابلہ 22ویں وزیراعلیٰ بلوچستان منتخب ہو گئے۔ بعدازاں ثناء اللہ زہری نے حلف اٹھایا اور ایوان سے اعتماد کا ووٹ حاصل کر لیا۔ ایوان سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ ثناء اللہ زہری نے کہا کہ عوام کو تعلیم اور صحت کی سہولتیں دیں گے۔ عبدالمالک بلوچ کے ترقیاتی منصوبوں کو آگے بڑھائیں گے۔ قبل ازیں مسلم لیگ (ن)کی راحیلہ حمید درانی بلا مقابلہ بلوچستان اسمبلی کی پہلی خاتون سپیکر منتخب ہوگئیں۔ ان کے مقابلے میں کسی بھی امیدوار نے مقررہ وقت 10بجے تک سپیکر کے لئے کاغذات جمع نہیں کرائے تاہم مقررہ وقت گزرنے کے بعد تاخیر سے جمعیت علماء اسلام (ف) کے رکن صوبائی اسمبلی مفتی گلاب خان کاکڑ نے بھی سپیکر عہدے کے لئے کاغذات نامزدگی جمع کرائے، پریذائیڈنگ افسر سید لیاقت آغا نے مفتی گلاب خان کاکڑ کے کاغذات نامزدگی تاخیر کی بنیاد پر مسترد کر دیئے۔ حلف اٹھانے کے بعد اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے راحیلہ حمید درانی نے کہاکہ میں سپیکر منتخب ہونے پر اللہ تعالیٰ، اپنے والدین، وزیراعظم میاں نواز شریف، پشتونخوا میپ کے سربراہ محمودخان اچکزئی، نیشنل پارٹی کے صدر میرحاصل بزنجو، نومنتخب وزیراعلیٰ نواب ثناء اللہ زہری، سابق وزیراعلیٰ ڈاکٹرعبدالمالک بلوچ کی مشکور ہوں۔ ایوان کے تقدس کا ہر صورت خیال رکھا جائے گا، اپوزیشن اورحکومت کو ساتھ لیکر چلیںگے۔ انشاء اللہ ایمانداری سے فرائض سرانجام دوںگی۔ سابق وزیراعلیٰ ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہاکہ آج خوشی کا مقام ہے کہ بلوچستان کی سیاسی جماعتوں نے جمہوری روایات کو برقرار رکھتے ہوئے خاتون کو سپیکر کے عہدے کیلئے منتخب کیا۔ بلوچستان میں خواتین کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھاجاتا ہے۔ نومنتخب وزیراعلیٰ نواب ثناء اللہ زہری نے راحیلہ حمید درانی کو سپیکر بننے پرمبارکباد دیتے ہوئے کہاکہ اس کی تمام ترکریڈیٹ وزیراعظم میاں نوازشریف، محمود خان اچکزئی اور حاصل بزنجو کو جاتا ہے۔ اپوزیشن لیڈر مولانا عبدالواسع نے راحیلہ درانی کو بلامقابلہ سپیکر منتخب ہونے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہاکہ ایوان کو غیرجانبدار طریقے سے چلایا جائے۔ پشتونخوامیپ کے پارلیمانی لیڈر عبدالرحیم زیارتوال نے کہاکہ حکومت میں شامل اتحادیوں کے سربراہوں نے جس طرح مری معاہدے پردستخط کئے اور جمہوری روایات کو برقرار رکھتے ہوئے اقتدار منتقلی بھی احسن طریقے سے نبھایا، جمہوری لوگ ہیں، جمہوریت پر یقین رکھتے ہیں۔ ق لیگ کے پارلیمانی لیڈر شیخ جعفرخان مندوخیل نے کہاکہ صدر وزیراعظم اور حکومت میں شامل اتحادی جماعتوں کے سربراہوں کے مشکور ہیں جنہوں نے جمہوری روایات کی پاسداری کی۔ عوامی نیشنل پارٹی کے پارلیمانی لیڈر انجینئر زمرک خان اچکزئی نے کہا کہ ہم جمہوری لوگ ہے اور جمہوریت پریقین رکھتے ہیں۔ مجلس وحدت المسلمین کے پارلیمانی لیڈر سید رضا آغا نے کہاکہ ایوان کوجمہوری انداز میں چلایا جائے۔ ارکان اسمبلی میر عبدالکریم نوشیروانی، شاہدہ رئوف، یاسین لہڑی اور ولیم برکت نے بھی نومنتخب سپیکر راحیلہ درانی کو مبارکباد دی۔ مولانا عبدالواسع نے ثناء اللہ زہری کی غیرمشروط حمایت کا اعلان کیا۔ نجی ٹی وی کے مطابق نواب ثناء اللہ زہری نے کہا ہے کہ جو بھی آئے گا اس سے بات چیت کرینگے مگر بے گناہ لوگوں کو مارنے والوں سے بات چیت نہیں ہو گی۔ بلوچستان میں بسنے والے لوگ سیٹلرز نہیں ہمارے بھائی ہیں، تمام قوموں کو مکمل تحفظ فراہم کرینگے۔ ثناء اللہ زہر نے وزیراعلیٰ بلوچستان کا حلف اٹھا لیا ہے۔ گورنر محمد خان اچکزئی نے حلف لیا۔ ثناء اللہ زہری نے کہا کہ صوبے میں ہر صورت امن و امان برقرار رکھا جائے گا۔ کسی نے امن و امان خراب کرنے کی کوشش کی تو اس سے سختی سے نمٹیں گے۔ ناراض لوگوں کو مذاکرات کی دوبارہ دعوت دیتے ہیں۔ صوبے میں سرمایہ کاری کے مواقع سے فائدہ اٹھانے کی ضرورت ہے۔ پاکستان کے فریم ورک میں رہتے ہوئے ہر کسی سے بات کے لئے تیار ہیں۔ ٹیبل ٹاک اور مفاہمتی عمل سے روگردانی کرنے والوں سے کمپرومائز نہیں ہو گا۔ بدعنوانی، بیروزگاری بدامنی کا ناسور ختم کرکے دم لیں گے۔ اقلیتوں، معذوروں کا خاص خیال رکھیںگے۔

ای پیپر دی نیشن

میں نہ مانوں! 

خالدہ نازش میری سکول کی ایک دوست کو ڈائجسٹ پڑھنے کا بہت شوق تھا ، بلکہ نشہ تھا - نصاب کی کوئی کتاب وہ بے شک سکول بستے میں رکھنا ...