رحیم یار خان (بیورو رپورٹ) ابوظہبی سے براستہ رحیم یار خان لاہور جانے والی پرواز کے دونوں پائلٹس نے آورز پورے ہونے کے باعث جہاز اُڑانے سے انکار کردیا۔ شیخ زید ائیر پورٹ پر 132 مسافروں نے شدید احتجاج کیا۔ سخت ہنگامی آرائی کے باعث ائیر پورٹ سیکورٹی فورسز نے مسافروں کو لائونج سے باہر نہ جانے دیا تاہم لائونج کے اندر مسافروں کا پائلٹس اور انتظامیہ کیخلاف نعرے لگائے۔ گزشتہ روز ابوظہبی سے پی آئی اے کی فلائٹ پی کے 296 صبح 3 بجے شیخ زید ائیر پورٹ پر پہنچی تاہم لاہور میں شدید دھند کے باعث انتظامیہ نے مذکورہ فلائٹ کو شیخ زید ائیر پورٹ رحیم یار خان پر ہی رکے رہنے کے احکامات جاری کئے تاہم صبح 9:30 پر لاہور میں موسم صاف ہونے کے باعث جب اس پرواز کو اڑان بھرنے کی اجازت دی گئی تو پرواز کے دونوں پائلٹس نے یہ کہہ کر جہاز اڑانے سے انکار کردیا کہ انکے ڈیوٹی آورز پورے ہو چکے ہیں جس پر ابوظہبی سے لاہور اور رحیم یار خان سے لاہور جانے والے 132 مسافروں نے ہنگامہ آرائی شروع کر دی لیکن دونوں پائلٹس ہوٹل چلے گئے۔ اے ایس پی اہلکاروں نے مسافروں کو لائونج سے باہر نہ آنے دیا۔ بعدازاں پی آئی اے انتظامیہ نے مسافروں کو لائونج کے اندر ہی صبح کا ناشتہ اور دوپہر کا کھانا دیا تاہم شام گئے تک مذکورہ پرواز لاہور کیلئے روانہ نہ ہوسکی۔ ذرائع کے مطابق پرواز کے دونوں پائلٹس نے بتایا حویلیاں حادثے کی بڑی وجہ پائلٹس سے ڈیوٹی آورز کے بعد ڈیوٹی لینا ہے اسلئے وہ مسافروں کی بھلائی کیلئے 24 گھنٹے ڈیوٹی آورز ختم ہونے کے بعد جہاز نہیں اُڑا سکتے۔