قتل کے ملزم کو سزائے موت راولپنڈی میں مجرم کو پھانسی‘ لاہور میں ایک کے ڈیتھ وارنٹ جاری

Dec 25, 2016

لاہور+ فیصل آباد+ راولپنڈی (نمائندہ خصوصی+ نوائے وقت رپورٹ) فیصل آباد میں قتل کے ملزم کو سزائے موت اور 2 لاکھ روپے جرمانہ کی سزا سنا دی گئی۔ راولپنڈی میں قتل کے مجرم کو پھانسی دی گئی جبکہ لاہور میں مجرم کے ڈیتھ وارنٹ جاری کر دئیے گئے۔ تفصیلات کے مطابق فیصل آباد میں ایڈیشنل اینڈ سیشن جج شکیل احمد سپرا کی عدالت میں زیرسماعت تھانہ صدر کے مقدمہ میں ملوث ملزم عامر علی پر الزام تھا کہ اس نے معمولی تلخ کلامی پر چک 215 ر۔ب مدینہ پارک کے رہائشی افتخار احمد کو 2 دسمبر 2012ءکو فائرنگ کر کے قتل کر دیا تھا۔ فاضل عدالت نے کیس کی سماعت کے دوران جرم ثابت ہونے پر ملزم عامر کو سزائے موت اور دو لاکھ روپے ہرجانہ کی سزا کا حکم سنا دیا ہے۔ سینٹرل جیل راولپنڈی میں قتل کے مجرم خان اقبال کو پھانسی دیدی گئی۔ مجرم نے 1996ءمیں گوجر خان کے علاقے برکی میں محمد شکیل نامی شخص کو قتل کیا تھا۔ ملزم کو ڈسٹرکٹ کورٹ سے پھانسی کی سزا ہوئی اور عدالت عالیہ تک یہ فیصلہ برقرار رہا۔ لاہور میں ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج نذیر احمد گنجانہ نے قتل کے مقدمہ میں ملوث سزا کے موت کے ایک مجرم منیر احمد کے ڈیتھ وارنٹ جاری کر دئیے ہیں۔ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج لاہور نے ڈیتھ وارنٹ کوٹ لکھپت جیل کو بھجوا دئیے ہیں۔ مجرم منیر احمد کو 26 دسمبر کو کوٹ لکھپت جیل میں پھانسی دی جائے گی۔ مجرم منیر احمد معمولی تلخ کلامی پر ننکانہ صاحب میں ایک شخص بھولا کو قتل کرنے کا الزام عائد تھا۔

مزیدخبریں