عدلیہ کا پیپلزپارٹی، (ن) لیگ کےساتھ ہمیشہ الگ برتاﺅ رہا: خورشید شاہ

Dec 25, 2016 | 19:59

ویب ڈیسک

قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلا ف سید خورشید شاہ نے کہا پیپلزپارٹی اور (ن) لیگ کے ساتھ عدلیہ کا ہمیشہ سے الگ ،الگ برتاﺅرہا ہے، یہی وجہ ہے کہ کوئٹہ کمشن کی رپو رٹ آنے پر چودھری نثار استعفیٰ دینے کی بجائے سرعام عدالتوں کی توہین کر رہے ہیں ، مسلم لیگ (ن) ہمیشہ عدلیہ پرحملے کر تی آئی ہے اور اب چودھری نثار بھی تاریخ دہرا رہے ہیں۔ نجی ٹی وی کو انٹرویو میں انہو ں نے کہا اس ملک میں تمام قوانین و احتساب کے ادارے صرف پیپلزپارٹی کیلئے ہیں ،ایک ہی معاملے میں عدلیہ کا پیپلزپارٹی کیلئے اور قانون ہوتا ہے اور (ن) لیگ کیلئے ایک دوسرا قانون ہو تا ہے۔ سابق چیف جسٹس افتخار چودھری نے ہماری حکومت کو چلنے ہی نہیں دیا۔ ہمارے منتخب وزیر اعظم کو گھر بھجوایا۔ میں آج بھی اعلانیہ کہتا ہوں کہ سابق جسٹس افتخار چودھری کا رویہ پیپلزپارٹی کے ساتھ جانبدارانہ تھا ۔ ہمارے ساتھ جو کچھ کیا گیا وہ پو ری عدلیہ کی تاریخ میں یاد رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ کوئٹہ کمشن کی رپورٹ میں چودھری نثار علی خان کو ذمہ دار ٹھہرایاگیا ہے ان کو اپنی ناکامی تسلیم کرنی چاہیے لیکن وہ سرعام کمشن کی رپورٹ کی توہین کر رہے ہیں۔ اسی کیس میں اگر پیپلزپارٹی فریق ہو تی تو ہمارے متعلقہ وزیر کو اب تک کب کا گھر بھیج دیا گیا ہوتا اور ہمارا سارانظام لپیٹاجا چکا ہوتا۔انہوں نے مزید کہا آصف علی زرداری کی وطن واپسی سے پیپلز پارٹی کو تقویت ملے گی۔ 27دسمبر کو اہم اعلانات ہوں گے۔ انہوں نے کہا پیپلز پارٹی نے جمہوریت کے لئے بڑی قربانیاں دی ہیں ہم انہیں رائیگاںنہیں جانے دیں گے۔

مزیدخبریں