نوشہرہ ورکاں: مقدمہ بازی کی رنجش پر مخالف کے ساتھ قصاب کو بھی قتل کر ڈالا

Dec 25, 2017

نوشہرہ ورکاں (نامہ نگار) نواحی گائوں بگے میں دیرینہ رنجش پر مخالف اور قصاب کو فائرنگ کرکے قتل کر دیا۔ بتایا گیا کہ ملزم مجاہد عرف مادی وغیرہ ساکن ونی تحصیل نوشہرہ ورکاں اور ضلع حافظ آباد کے سرحدی علاقوں میں منشیات فروشی کا دھندا کرتا ہے۔ اسے شک تھا مقتول افتخار اس کے عزیز سے ان کی شکایات کرتے ہیں۔ ملزم کے خلاف عدالت میں مقدمہ بھی زیرسماعت ہے۔ وقوعہ کے وقت مقتول افتخار جٹ ساکن ونی قریبی گائوں بگے میں فیصل عرف ہیرا قصاب کی دکان سے گوشت لینے آیا تو تاک میں بیٹھے ملزمان مجاہد عرف مادی وغیرہ سات افراد نے قصاب کی دکان پر آکر کلاشنکوفوں سے اندھادھند فائرنگ کر دی جس سے افتخار جٹ کے ساتھ قصاب فیصل عرف ہیرا بھی گولیاں لگنے سے موقع پر ہی ہلاک ہو گیا۔ ملزمان فرار ہو گئے۔ اطلاع ملنے پر پولیس حکام بھی موقع پر پہنچ گئے اور نعشوں کو قبضہ میں لیکر پوسٹ مارٹم کیلئے ٹی ایچ کیو ہسپتال نوشہرہ ورکاں میں منتقل کر دیا۔ پولیس نے ملزمان کی گرفتاری کیلئے کوششیں شروع کر دی ہیں۔

مزیدخبریں