اسلام آباد+لاڑکانہ (نوائے وقت رپورٹ+سلامت ابڑو) اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے کہا ہے کہ مریم نواز کبھی بھی وزیراعلیٰ پنجاب نہیں بن سکیں گی۔ انتخابات اپنے وقت پر ہونگے۔ جب ہم طاہرالقادری کے خلاف تھے تو نوازشریف ان کے ساتھ تھے‘ اب ہم طاہرالقادری کے ساتھ ہیں تو نوازشریف مخالفت کر رہے ہیں۔لاڑکانہ میں شہید بینظیر بھٹو میڈیکل یونیورسٹی کے کانووکیشن کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خورشید احمد شاہ نے کہا کہ سندھ اور پنجاب میں احتساب میں فرق ہے، شرجیل انعام میمن کے کیس کو مثال کے طور پر لیں جو چالان بھی نہیں ہوئے اور ان کے وارنٹ بھی نہیں تھے، وہ بیل پر تھا اسے گرفتار کیا گیا، جن کے چالان بھی ہوگئے ہیں ان کے وارنٹ بھی تھے انہیں گرفتار نہیں کیا گیا اور نہ ان کا نام ای سی ایل میں رکھا ہے، فرق صرف یہ ہے کہ وہ سندھ سے ہے اور وہ پنجاب سے ہیں، یہ ڈبل سٹینڈرڈ میں سمجھتا ہوں ملک اور اداروں کے لئے اچھی بات نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ میری اور عمران خان کی عمر ایک ہی 66 سال ہے۔