اسلام آباد (جاوید صدیق) جہاں ایک طرف بھارتی فوج اور اس کے دوسرے سکیورٹی ادارے دعویٰ کر رہے ہیں کہ مقبوضہ کشمیر میں آزادی کی تحریک جسے بھارتی فوج ’’عسکریت پسندی‘‘ کے نام سے یاد کرتی ہے‘ دم توڑ رہی ہے۔ دوسری طرف گزشتہ روز بھارتی میڈیا نے سرکاری ذرائع سے نئے اعداد و شمار جاری کئے ہیں جن میں کہا گیا ہے کہ حزب المجاہدین کے کمانڈر مظفر وانی کی شہادت کے بعد سینکڑوں کشمیری نوجوان مظفر وانی کی تقلید میں جنگ آزادی یا عسکریت پسندی کی تنظیم میں شامل ہو چکے ہیں۔ بھارتی خبررساں ایجنسی پریس ٹرسٹ آف انڈیا کے مطابق صرف 2017 ء میں 117 نوجوانوں نے کشمیر کی آزادی کے لئے تحریک میں شمولیت اختیار کی ہے۔ بھارتی خبر رساں ایجنسی کے مطابق 2016 ء میں 88 نوجوانوں نے تحریک آزادی کشمیر کی جدوجہد کرنے کے لئے ’’عسکریت پسند‘‘ تنظیموں میں شمولیت اختیار کی تھی۔ اب مظفر وانی کی شہادت کے بعد آزادی کیلئے جدوجہد کرنے والے نوجوانوں کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے۔ تازہ ترین میڈیا رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بھارتی پارلیمنٹ میں بھی حکومت کی طرف سے ایک رپورٹ پیش کی گئی ہے جس میں اعتراف کیا گیا ان کشمیری نوجوانوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے جو مسلح جدوجہد کرنے والی تنظیموں کے کارکن بن رہے ہیں۔ بھارتی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ بھارتی فوج خود اپنے ان دعوؤں کی تردید کر رہی ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں تحریک آزادی دم توڑ رہی ہے۔