بحریہ کے جنگی یونٹس کا شمالی بحرہ عرب میں آپریشنل صلاحیتوں کا مظاہرہ

لاہور/ کراچی (خبر نگار+ سٹاف رپورٹر) پاک بحریہ کے جنگی یونٹس نے شمالی بحیرہ عرب میں آپریشنل صلاحیتوں اور فلیٹ ریویو کا شاندار مظاہرہ پیش کیا۔ وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے پاکستان نیوی کے بحری جہاز پی این ایس نصر سے ان آپریشنل مشقوں کا معائنہ کیا۔ پی این ایس نصر آمد پر چیف آف دی نیول سٹاف ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے مہان خصوصی کا خیر مقدم کیا۔ اس موقع پر وزیر اعظم کوپاک بحریہ کے یونٹس کی جانب سے کی جانے والی مشقوں اور آپریشنل مظاہرے کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔ مہمان خصوصی نے کھلے سمندر میں مختلف آپریشنل مشقوں کا معائنہ کیا۔ ان مشقوں میں افرادی قوت اور سازو سامان کی ایک جہاز سے دوسرے جہاز پر منتقلی، بحری جہازوں اور ائیر کرافٹس کے ذریعے راکٹ ڈیپتھ چارج فائرنگ اور بذریعہ ہیلی کاپٹرسرچ اینڈ سیزر مشقیں شامل تھیں۔ پاک بحریہ کے مختلف ہوائی جہازوں اور ہیلی کاپٹرز نے وزیر اعظم کے سامنے شاندار فلائی پاسٹ کا مظاہرہ بھی کیا۔ آخر میں مظاہرے میں شریک تمام بحری جہازوں نے کالم فارمیشن میں اسکم پاسٹ کا مظاہرہ کیا اور معزز مہمان کو قومی نعرہ پیش کیا۔ پاک بحریہ کے جنگی جہازوں کی جانب سے آپریشنل صلاحیتوں کا ایک شاندار مظاہرہ دیکھنے کے بعد وزیر اعظم جناح نیول بیس اورماڑہ پہنچے جہاں انہوں نے ریموٹ ڈیٹا سٹیشن میانوالی سمیت بیس پر قائم تنصیبات اور دفاعی سہولیات کا دورہ کیا۔ انہوں نے بیس کی آپریشنل تیاریوں پر اپنے اطمینان کا اظہار کیا اور مکران کی ساحلی پٹی پر پاک بحریہ کی جانب سے سماجی بہبود بالخصوص صحت اور تعلیم کے شعبوں میں کیے جانے والے اقدامات کی تعریف کی جس سے بلوچستان کی مقامی آبادی کی معاشی و سماجی صورتحال میں نمایاں بہتری آئے گی۔ بعدازاں وزیر اعظم نے شمالی بحیرئہ عرب میں پاک بحریہ کی آبدوز سعد پر بورڈنگ کی اور سب میرین پر زیر آب سفر کیا۔ چیف آف دی نیول سٹاف ایڈمرل ظفر محمود عباسی بھی سب میرین کے اس پہلے سفر میں وزیر اعظم کے ہمراہ تھے۔ اس موقع پر وزیر اعظم کو پاکستان نیوی سب میرین فورس کی تاریخ اور 1965ء اور 1971ء کی جنگوں میں اس کی کامیابیوں پر بریفنگ دی گئی۔ وزیر اعظم نے سب میرین ڈائیونگ اور سب میرین پروسیجرز بھی کیے جس کے بعد انہیں روایتی ڈالفن نشان پیش کیا گیا جو سب میرینرز کو عطا کیا جاتا ہے۔ وزیر اعظم نے سمندر میں اپنی مصروفیات کے دوران پاک بحریہ کے افسروں اور جوانوں سے بھی ملاقات کی اور ایک مشکل ماحول میں ملک کی بحری سرحدوں کے دفاع کے لیے ان کے عزم و حوصلے اور لگن کی تعریف کی۔ وزیر اعظم نے پاک بحریہ کی آپریشنل صلاحیتوں پر اپنے بھرپور اطمینان کا اظہار کیا ۔ انہوں نے کہا مجھے کامل یقین ہے پاک بحریہ گوادر پورٹ اور پاک۔ چین اقتصادی راہداری کے تمام منصوبوں سمیت ملک کی بحری سرحدوں کے ہر قسم کے خطرات سے تحفظ کے لیے مکمل طور پر تیار اور پرعزم ہے۔ ترجمان نیوی کے مطابق شاہد خاقان عباسی آبدوز پر کھلے سمندر میں جانے والے پہلے وزیراعظم ہیں۔ شاہد خاقان عباسی پاک بحریہ کی طرف سے ڈالفن نشان حاصل کرنے والے پہلے وزیراعظم ہیں۔وزیراعظم شاہد خاقان عباسی آج پیر کو خیبر ایجنسی کا دورہ کریں گے۔ تٖفصیلات کے مطابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کے دورہ خیبر ایجنسی کے لئے تمام تیاریاں مکمل کرلی گئی‘ سکیورٹی فورسز کے بھی علاقے میں گشت بڑھا دئیے گئے ہیں۔ ڈائریکٹر انفارمیشن فاٹا نے جمرود پریس کلب میں وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کے دورے کے بارے میں بتایا کہ شاہد خاقان عباسی جمرود اسپورٹس کمپلیس میں تیسرے گورنر فاٹا فیسٹیول کا افتتاح کریں گے جو کہ فاٹا کے تاریخ کا ایک اہم اور سب سے بڑا فیسٹول ہوگا۔

ای پیپر دی نیشن