کوئٹہ (این این آئی) ممتاز قبائلی وسیاسی رہنما نوابزادہ حاجی لشکری رئیسانی نے کہاہے کہ ملک میں ستر سال سے کسی بھی منتخب حکومت کو چلنے نہیں دیا گیا منتخب حکومت کا جو حشر ہورہاہے وہ سب کے سامنے عیاں ہے پاکستان کو چلانے کا واحد حل پارلیمنٹ کی بالادستی آئین اور قانون کی حکمرانی اور اٹھارویں ترمیم پر اسکی روح کے مطابق عملدارآمد ہے طاقتور قوتوں نے ماضی سے کوئی سبق نہیں سیکھا وفاق میں بلوچستان سے باعزت رویہ نہیں رکھا جارہا ہے صوبے میں جعلی الیکشن کے تحت لوگوں کو لایا جاتا ہے تاکہ وہ اپنے آقائوں کی سرپرستی میں کام کریں جوقوتیں عوامی حاکمیت کو تسلیم نہیں کرتی انکے خلاف مشترکہ قومی پرامن سیاسی جدوجہد کرنے کی ضرورت ہے کچھ قوتیں چاہتی ہے کہ ایک شخص کو پوری قوم کا لیڈر بناکر اس سے اپنے مفاد حاصل کریں کینیڈا کامولوی چودہ آدمیوں کے قتل کا ماتم تو کرتا ہے مگر اسے بلوچستان کے ہزاروں لوگوں کا خون نظر نہیں آتا پرامن سیاسی جدوجہد کرکے مسلط شدہ لوگوں کو اقتدار سے باہر نکالیں گے۔ یہ بات انہوں نے اتوار کو کوئٹہ کے مقامی میرج ہال میں بلوچستان نیشنل پارٹی میں شمولیت کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا وفاق میں بلوچستان کے لوگوں کیساتھ کوئی باعزت روئیہ نہیں رکھا جاتا بین الااقوامی ادارے نے بھی بلوچستان کو خطے کا کرپٹ ترین علاقہ قراردے دیا ہے یہاں پچاسی فیصد بجٹ کرپشن کی نظر ہوجاتاہیں جعلی الیکشن کے تحت صوبائی اور قومی اسمبلی میں لوگوں کو لایا جاتا ہے اور وہ اپنے آقا کی سرپرستی میں کام کرتے ہیں انہیں بلوچستان کیساتھ کوئی دلچسپی نہیں یہاں قوتیں ایسے لوگوں کو آگے لاتی ہیں جو بلوچستان کے لوگوں کی ترقی نہیں چاہتے۔