لاہور(کامرس رپورٹر)یو اے ای کی طرف سے پاکستان کو تین ارب ڈالر کا قرض دینے کے اعلان کے بعد اوپن مارکیٹ میں ڈالر سستا ہو گیا۔ سونے کی فی تولہ قیمت بھی ایک ہزار روپے کم ہو گئی۔اوپن مارکیٹ میں ٹریڈنگ کے دوران ڈالر کی قیمت میں ایک روپے تک کی کمی دیکھی گئی ایکسچینج کمپنیز ایسوسی ایشن پاکستان کے مطابق کاروباری اوقات کے اختتام پر ڈالر کی قیمت فروخت 90 پیسے کی کمی سے 139 روپے 20 پیسے رہ گئی۔سٹیٹ بینک کے مطابق انٹر بینک مارکیٹ میں ڈالر کی قدر صرف ایک پیسے کی کمی سے 138 روپے 93 پیسے رہی۔ سندھ صرافہ ایسوسی ایشن کے مطابق پاکستان میں سونے کی فی تولہ قیمت ایک ہزار روپے کی کمی سے 66 ہزار روپے رہ گئی ۔یہ امر قابل ذکر ہے کہ عالمی مارکیٹ میں ٹریڈنگ کے دوران سونے کی فی اونس قیمت میں پانچ ڈالر کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ایسوی ایشن کے مطابق ڈالر کی قیمت کم ہونے سے سونا سستا ہو رہا ہے۔
یو اے ای کی طرف سے 3 ارب ڈالر ملنے کے اعلان پر اوپن مارکیٹ میں ڈالر ایک روپیہ سستا
Dec 25, 2018