عالمی بنک سے قرضوں کی فراہمی میں تاخیر‘ وفاقی حکومت نے تعلیمی منصوبہ روک دیا

Dec 25, 2018

اسلام آباد(آن لائن)وفاقی حکومت نے عالمی بینک کو قرضوں کی فراہمی میں تاخیر اورسکولوں میں داخلوں کی تعداد بڑھانے میں خاصی کم کامیابی ملنے پر سندھ میں جاری ایک تعلیمی منصوبہ روکنے کی ہدایت کردی۔وفاقی حکومت کی درخواست پر عمل کرتے ہوئے عالمی بینک نے منصوبے کو منسوخ کرنے کی کارروائی کا آغاز کردیا جو حکومتِ سندھ کے منصوبے ’سیکنڈ سندھ ایجوکیشن سیکٹر ریفارم پروگرام‘ کے دوسرے فیز کی حمایت کے لیے تھا۔ا س ترقیاتی کوششوں کا مقصد تعلیم کے شعبے میں انتظامی صلاحیت اور احتساب کو بہتر بنا کرسکولوں میں طالبعلموں کی تعداد میں اضافہ کرنا اور ان کا کارکردگی کو جانچنا تھا۔عالمی بینک کے مطابق مجموعی طور پر منصوبے کے مقاصد کی تکمیل خاصی اطمینان بخش رہی جس سے سکولوں میں بنیادی میعار کے درجے میں 16-2015 میں 922 سے بڑھ کر 2018 میں ایک ہزار 3 سو 36 ہوگئی۔دوسری جانب جماعت پنجم سے ششم میں جانے والے طالبعلموں کی سالانہ تعداد میں بہتری آئی اور یہ 2017 میں 58.1 فیصد سے بڑھ کر 69.2 فیصد ہوگئی۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ اس پر عملدرآامد 2018 کے وسط میں شروع ہوا اور ادائیگیوں میں تاخیر ستمبر 2018 میں ایک کروڑ 40 لاکھ ڈالر تک پہنچی۔چونکہ اس منصوبے کو قرضوں کے حصول میں تاخیر کا سامنا ہے اس لیے حکومت نے اس میں مزید توسیع کیے بغیر ختم کرنے کا ارادہ کرلیا ۔اس سلسلے میں عالمی بینک کی بین الاقوامی ترقیاتی ایسوسی ایشن (آئی ڈی اے) نے آسان شرائط پر مارچ 2013 میں 40 کروڑ ڈالر کے قرضے کی منظوری دی تھی جس میں سے 32 کروڑ 14 لاکھ ڈالر موصول ہوئے جبکہ4 کروڑ 97 لاکھ ڈالر اب بھی باقی ہیں۔

مزیدخبریں