قوم آج بانی پاکستان قائداعظم کا 142واں یوم پیدائش ملی جوش و جذبے سےمنارہی ہے

Dec 25, 2018 | 08:59

ویب ڈیسک

قوم آج  قائد اعظم محمد علی جناح کا یوم پیدائش اس عہد کی تجدید کے ساتھ منارہی ہے کہ ملک کی ترقی اور خوشحالی کیلئے بھرپور جدوجہد کی جائے گی۔

آج عام تعطیل ہے اور تمام سرکاری و نجی عمارتوں پر قومی پرچم لہرایا جائے گا۔آج صبح مزار قائد پر گارڈز کی تبدیلی کی تقریب بھی ہوگی۔گورنرسندھ عمران اسماعیل اوروزیراعلیٰ سیدمرادعلی شاہ قائداعظم کوخراج عقیدت پیش کرنے کے لئے ان کے مزار پر حاضری دیں گے۔زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افرادبھی بانی پاکستان کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے ان کے مزارجائیں گے۔قائداعظم کے یوم ولادت کے موقع پرمختلف سرکاری ،سیاسی ،سماجی ،تعلیمی اورادبی تنظیمیں خصوصی تقاریب کاانعقاد کریں گی۔ریڈیو پاکستان تحریک آزادی کے مختلف پہلوئوں اورقائداعظم محمدعلی جناح کاقائدانہ کرداراجاگر کرنے کے لئے خصوصی پروگرام ،مباحثے ،انٹرویوزاوررپورٹس نشرکرے گا۔

اس موقع پرصدرڈاکٹرعارف علوی اوروزیراعظم عمران خان نے اپنے الگ الگ پیغامات میں اپنی انفرادی اوراجتماعی زندگیوں میں قائداعظم محمدعلی جناح کے تصور اورایمان، اتحاد اورتنظیم کے ان کے سنہری اصولوں پرعمل پیراہونے پرزوردیا۔صدرنے اپنے پیغام میں کہاکہ قائداعظم کی سوچ اورافکار سا ت عشرے گزرنے کے باوجود آج بھی اسی طرح قابل عمل ہیں۔وزیراعظم نے کہاکہ آج ہمیں اس بات کاعہدکرناچاہیے کہ ہم ماضی کی غلطیاں نہیں دہرائیں گے اورقائداعظم کے تصور کو حقیقت کاروپ دینے اورملک کو دنیا میں اس کااصل مقام دلوانے کیلئے اپنی صفوں میں اتحاد پیداکرینگے۔

محمد علی جناح سے قائد بنے تو مسلمانان برصغیر کے لئے نیا ملک بنا دیا۔ بانی پاکستان نے خطے کو انگریز کے جبر اور ہندوؤں کے تعصب سے پاک کرنے کے لئے ارض پاکستان کا مقدمہ جیتا۔

آپ نے ہندوستان کے مسلمانوں کو نئی پہچان دی، پھر اسی پاک سرزمین کو پاکستان کا نام ملنے کے بعد خود بانی پاکستان کہلائے۔ بانی پاکستان کے یوم ولادت کے موقع پر آج تمام بڑے اور چھوٹے شہروں میں سرکاری و غیر سرکاری خصوصی تقریبات کا اہتمام کیا جائے گا اور مزار قائد پر سلامی دی جائے گی۔

محمد علی جناح 25 دسمبر 1876ء کو پیدا ہوئے۔ وکالت کے بعد انڈین نیشنل کانگریس جوائن کی لیکن مسلمانوں کی حق تلفی کو بھانپ پر ان کے حق لینے کے لئے میدان میں آ گئے۔

1913ء میں مسلمانوں کی نمائندہ واحد جماعت آل انڈیا مسلم لیگ میں شمولیت اختیار کی اور یہاں سے علیحدہ وطن کی باقاعدہ تحریک کا آغاز کر دیا۔ آزادی کے بعد قائداعظم 11 ستمبر 1948ء کو خود تو انتقال کر گئے مگر ایک ابھرتی ہوئی قوم کو دنیا میں اپنا نام اور مقام بنانے کی ہمت، جستجو اور حوصلہ دے گئے۔

مزیدخبریں