کراچی (صباح نیوز) سندھ ہائیکورٹ نے تجاوزات کے خلاف آپریشن کے بعد دوبارہ تجاوزات کو قائم کرنے والوں پر مقدمہ درج کرنے کا حکم دے دیا۔ پیر کو سندھ ہائیکورٹ میں تجاوزات کے خاتمے سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی اور عدالت نے 10 روز میں نشتر روڈ اور اطراف سے تجاوزات ہٹانے کا حکم دیا۔عدالت نے اپنے حکم میں کہا کہ کے ایم سی اور ایس پی سٹی 10 روز میں نشتر روڈ اور اطراف سے تجاوزات ہٹائیں۔عدالت نے استفسار کیا کہ آپریشن کے باوجود ان مقامات پر دوبارہ تجاوزات کیسے لگ رہے ہیں؟عدالت نے آپریشن کے بعد دوبارہ تجاوزات قائم کرنے والوں کے خلاف بھی مقدمہ درج کرنے کا حکم دیا۔عدالت نے مزید استفسار کیا کہ دکانوں کو تو گرادیا گیا لیکن پتھارے اب بھی قائم ہیں، ان پتھاروں سے کون پیسہ وصول کر رہا ہے؟عدالت نے تجاوزات آپریشن کرکے 15 روز میں جامع رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے سماعت 23 جنوری تک ملتوی کردی۔