کراچی(نیوز رپورٹر)جماعت اسلامی سندھ کے امیر وسابق ایم این اے محمد حسین محنتی نے کہاہے کہ نوجوان امت مسلمہ کا قیمتی سرمایہ اورملک کا مستقبل ہیں۔حکومت مہنگائی کا خاتمہ نوجوانوں کو روزگار وہنر کے مواقع فراہم کرکے انتخابات میں قوم سے کئے گئے وعدے پورے کرے۔جے آئی یوتھ نوجوانوں کو اپنی اہمیت سے آگاہ اوران کی صلاحیتوں کی نشونما کے لیے صحتمندانہ سرگرمیوں کوفروغ دیا جائے۔ان خیالات کا اظہار انہوںنے قباء آڈیٹوریم میں جے آئی یوتھ سندھ کے صدرفرہادگل اورجنرل سیکرٹری ظہیرالدین بابر کی قیادت میں ملاقات کرنے والے وفد سے بات چیت کے دوران کیا ۔وفد نے سندھ میں جماعت اسلامی یوتھ کی سرگرمیوں اور آئندھ کے
منصوبوں سے بھی آگاہ کیا۔صوبائی سیکرٹری اطلاعات مجاہدچنا بھی اس موقع پر موجود تھے۔ صوبائی امیر نے مزید کہا کہ اس وقت منظم منصوبہ بندی کے ساتھ آج کے نوجوان کو بے راہ روی،منشیات کی لعنت کے ذریعے اپنے مقصد زندگی سے دور کیا جارہاہے۔حکومتی بے حسی،بیروزگاری،بدامنی،میرٹ کا قتل اورقبائلی جھگڑوں نے ان کو سخت مایوس اور بے کار بنادیا ہے باقی کسرٹی وی، موبائل کلچر اورسوشل میڈیا کے بے جا ومنفی استعال نے پوری کردی ہے۔جماعت اسلامی یوتھ نوجوانوں کو منظم،مایوسی سے نکال کران کے اندرتبدیلی کی امیدپیدا کرنے کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔