شعیب نوید پاکستان سپر لیگ کا جنرل منیجر مقرر

لاہور(اسپورٹس رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ نے شعیب نوید کو پاکستان سپر لیگ کا جنرل منیجر مقرر کر دیا ۔ ان کے پاس پراجیکٹ ڈائریکٹر کا اضافی عہدہ بھی ہو گا۔ نائیلہ بھٹی کے استعفیٰ کے بعد سے پراجیکٹ ڈائریکٹر کا عہدہ خالی تھا۔ شعیب نوید اس سے پہلے اسلام آباد یونائیٹڈ کے چیف آپریٹنگ آفیسر کی حیثیت سے ذمہ داریاں نبھا رہے تھے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ شعیب نوید نے اسلام آباد یونائیٹڈ انتظامیہ کو نئی ذمہ داریوں سے آگاہ کر دیا ہے۔ وہ فرنچائز کیساتھ اس ماہ کے آخر تک کام کریں گے۔ شعیب نوید یکم جنوری سے پاکستان سپر لیگ کے جنرل منیجر کی حیثیت سے اپنی ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔ نائیلہ بھٹی کے استعفیٰ کے بعد سے پاکستان سپر لیگ کے معاملات کو نظر انداز کیا جا رہا تھا۔پانچویں ایڈیشن سے ڈیڑھ ماہ قبل پاکستان کرکٹ بورڈ نے شعیب نوید کو جنرل منیجر مقرر کر کے ملکی کرکٹ کے مقبول ترین ایونٹ کے لیے الگ افسر مقرر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ای پیپر دی نیشن