لاہور (نیوز رپورٹر) وزیر قانون پنجاب راجہ بشارت نے نواز شریف کی ضمانت کی درخواست پر کمیٹی کی تشکیل کی خبروں کی تردید کر دی ہے۔ راجہ بشارت نے کہا ہے کہ سابق وزیراعظم کی جانب سے محکمہ داخلہ پنجاب کو درخواست موصول ہوئی ہے جس پر غور کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ رانا ثنا اللہ کی ضمانت عدالت نے منظور کی، یہ تاثر غلط ہے کہ لیگی رہنما کو عدم ثبوت پر رہا کیا گیا۔ نوازشریف کی درخواست کے ساتھ میڈیکل رپورٹس لف کی گئیں ہیں جو بیرون ملک اور پاکستان کے اداروں کی جاری کردہ ہیں۔ خیال رہے کہ نواز شریف اور اہلخانہ نے ضمانت کی مدت میں توسیع کیلئے محکمہ داخلہ پنجاب کو درخواست دے دی ہے۔ اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے کی روشنی میں محکمہ داخلہ پنجاب سے رابطہ کیا گیا ہے۔