اسلام آباد (نا مہ نگار+ نمائندہ خصوصی) قومی احتساب بیورو نے بلاول بھٹو کے نیب میں پیش نہ ہونے کی میڈیا رپورٹس کو بلاول بھٹو کے نیب راولپنڈی کو لکھے گئے خط کے بر خلاف قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ بلاول بھٹو نے اپنے وکیل کے ذریعے نیب راولپنڈی کو لکھے گئے خط میں نیب سے درخواست کی ہے کہ انہیں15 جنوری 2020 کے بعد نیب راولپنڈی کی انوسٹی گیشن ٹیم کے سامنے پیش ہونے پر کوئی اعتراض نہیں جبکہ بعض میڈیا رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ وہ نیب کے سامنے پیش نہیں ہوںگے جو کہ ان کی طرف سے نیب کو کرائی گئی یقین دہانی کے بر خلاف ہے۔مزید برآں پاکستان کی ایک پارٹی کے چئیرمین کی طرف سے نیب کے بارے میں نا زیبا الفاظ کا استعمال اور دھمکی نیب کو اس کے قانونی عمل سے نہیں روک سکتی۔ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کے ترجمان سینیٹر مصطفی نواز کھوکھر نے نیب کی طرف سے بلاول بھٹو کے متعلق بیان کو حقائق کے منافی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ چیرمین پیپلز پارٹی کی پریس کانفرنس اور نیب کو لکھے گئے خط میں کوئی تضاد نہیں ہے۔ نیب ایسے گمراہ کن بیانات سے اپنی کھوئی ہوئی ساکھ بحال نہیں کر سکتا۔ سینیٹر مصطفی نواز کھوکھر نے کہا کہ چئیرمین پیپلز پارٹی کے وکلانے نیب کو لکھے گئے خط میں طلبی کو سیاسی حراسمنٹ قرار دیا ہے وکلانے خط میں یہ بھی کہا ہے کہ چئیرمین بلاول بھٹو اعترض کے باوجود 15 جنوری کے بعد نیب میں پیش ہونے کے لئے تیار ہیں۔