عرب پارلیمان کے صدر مشعل بن فہم السلامی نے کہا ہے کہ سعودی عدالت کا مقتول صحافی جمال خاشقجی کے مشہور مقدمے میں فیصلہ مملکت کے مجرموں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے اور لوگوں کو انصاف دینے کے عزم کا مظہر ہے۔انھوں نے اس قتل کیس کو سیاسی رنگ دینے کی کوششوں پر خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس معاملے میں عرب پارلیمان سعودی عرب کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔سعودی عرب کی سرکاری خبررساں ایجنسی کے مطابق ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ عدالت کا فیصلہ اس معاملے میں سعودی عرب کے عزم کی تصدیق کرتا ہے۔جو بھی اس واقعے میں ملوّث تھے، ان کا احتساب اور شفاف انداز میں ٹرائل کیا گیا ہے۔مشعل السلامی نے تمام دوسرے ممالک پر زوردیا کہ وہ سعودی عرب کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کی کوششوں سے باز رہیں اور نہ اس کے داخلی امور میں مداخلت کریں۔انھوں نے واضح کیا ہے کہ جو کوئی ملک بھی اس کیس سے اپنے سیاسی مقاصد کے لیے فائدہ اٹھانے کی کوشش کرے گا تو عرب پارلیمان اس کے خلاف سعودی عرب کے ساتھ کھڑی ہوگی۔
عرب پارلیمنٹ کا خاشقجی قتل کیس کو سیاسی رنگ دینے کی کوششوں پر انتباہ
Dec 25, 2019 | 11:13