حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک کی یوم قائدؒ کے موقع پر پاکستانی قوم کو مبارکباد

اسلام آباد: حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک نے یوم قائدؒ کے موقع پر پاکستانی قوم کو مبارکباد دی ہے، ان کا کہنا ہے کہ قائد اعظم محمد علی جناحؒ نے بہت پہلے دو قومی نظریہ دیا۔ آج بھارت میں اقلیتوں خاص طور پر مسلمانوں کیخلاف آگ لگی ہوئی ہے۔ مودی سرکار اقلیتوں کے لئے کھودے گئے گڑھے میں خود گر رہی ہے۔

حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک نے یوم قائدؒ کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں پوری پاکستانی قوم اور کرسمس کے موقع پر مسیحی برادری کو مبارک باد دی ہے۔ 25 دسمبر کے حوالے سے اپنے ویڈیو پیغام میں مشعال ملک کا کہنا ہے کہ قائداعظم محمد علی جناحؒ نے دو قومی نظریہ کیلئے جدوجہد کی، آج بھارت میں اقلیتوں خاص طور پر مسلمانوں کیخلاف آگ لگی ہوئی ہے۔

مشعال ملک کا کہنا ہے کہ دہشت گرد آر ایس ایس اور شیو سینا کی سرکار نے اقلیتوں کے خلاف کنواں کھودا ہے لیکن مودی سرکار خود اسی کنوئیں میں گر رہی ہے، بھارت خود کو دنیا کیلئے ایک بہت بڑی منڈی سمجھتا تھا۔ آج پوری دنیا نے وارننگز جاری کی ہوئی ہیں ہندوستان نہ جایا جائے۔

حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ نے مزید کہا کہ بھارت میں جگہ جگہ مظاہرے ہو رہے ہیں اور پولیس لوگوں کو مار رہی ہے۔ ہم مقبوضہ کشمیر میں 70 سال سے اس سے بڑھ کر ظلم برداشت کر رہے ہیں۔ نہ ہم پہلے بھارت کے ساتھ تھے اور نہ ہیں، آج کے دن تمام پاکستانیوں کو فخر ہونا چاہیے کہ آپ پاکستانی ہیں، آپ ایک پر امن فضا کے اندر سانس لے رہے ہیں۔

ای پیپر دی نیشن