ڈیجیٹل پولیس سسٹم کامیابی کی راہ پر،1700ملازمین کو سزائیں دیں

لاہور (رفیق سلطان/نمائندہ خصوصی) پنجاب پولیس کا محکمہ ٹیلی کمیونیکیشن خود کفالت  کے سفر پر مختلف مراحل میں کامیابیاں سمیٹنے لگا۔ محکمانہ احتساب میں اہم کردار سامنے آگیا۔ رواں سال2020ء کے دوران  میں نئے ڈیجیٹل نظام کے ذریعے نئے وائرلیس سسٹم سے پولیس کو جدید انداز میں گشت کرنے، ملزموں  کی تلاش، جائے وقوعہ پر شواہد اکٹھے کرنے سمیت فون کالز، ریکارڈنگ اور پیغامات کو باہم آسانی سے ترسیل ہونے لگی، نئے ٹیلی کمیونیکیشن کے محکمے کی مدد سے 17سو سے زائد ملازمین کو ڈیوٹی فرائض کی ادائیگی میں کوتاہی برتنے پر محکمانہ سزائیں دے دی گئیں۔ اس حوالے سے ایس ایس پی ٹیلی کمیونیکیشن پنجاب صادق علی ڈوگر  کا ’’نوائے وقت سے‘‘گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ نئے ڈیجیٹل سسٹم سے فورس کو کمیونیکیشن کے سالوں سے درپیش مسائل کو حل کرنے میں مدد ملے گی جبکہ سسٹم میں بہتری آئے گی۔ سسٹم کی مدد سے کسی بھی وائرلیس سیٹ کی کسی بھی موبائل گاڑی کی جگہ چیک کی جا سکتی ہے۔ سسٹم کی مدد سے سے پی ٹی سی ایل اور موبائل فون پر بھی کال کی جا سکتی ہے۔ نیا سسٹم آزمائشی مراحل سے گزر چکا ہے۔ صادق علی ڈوگر کا کہنا تھا کہ پولیس ٹیلی کمیونیکیشن پنجاب پولیس میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے۔ ڈیجیٹل سسٹم کی طرف ہمارا یہ پہلا قدم ضلع قصور سے اٹھایا ہے جو پورے پنجاب میں پھیلایا جائے گا۔ سسٹم سے ایمرجنسی کی صورت میں لوکیشن کو ٹریس کیا جا سکے گا۔ اس کے علاوہ بہت سارے جدید فنکشنز کے ذریعے پولیس کمیونیکیشن میں بہتری لائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ کو جدید بنانے کے ساتھ ساتھ ملازمین کی فلاح و بہبود اور سزاو جزا کے عمل کو بہتر بنایا گیا ہے۔ ایس ایس پی ٹیلی کمیونیکشن پنجاب صادق علی ڈوگر نے بتایا کہ اپنی تعیناتی کے دوران اب تک 17سے زائد ملازمین کو  سزائیں  دی ہیں جبکہ 4سو 45ملازمین کو بہترین کارکردگی پر حوصلہ افزائی کرتے ہوئے انعامات اور اسناد سے نوازا گیا ہے۔ 

ای پیپر دی نیشن