ابوجا ( نیٹ نیوز) مغربی ایتھوپیا میں نسلی فسادات میں ہلاکتیں 200 سے زائد ہوگئیں۔ ایتھوپین ہیومن رائٹس کمشن کے مطابق واقعہ بینیشینگل-گوموز ریجن کے علاقے میٹیکل میں وزیراعظم آبے احمد کے دورے کے ایک روز بعد پیش آیا۔ آبے احمد نے ریجن میں اپنے دورے کے دوران نسلی فسادات کے خاتمے اور قومی یکجہتی پر زور دیا تھا۔ ہیومن رائٹس کمشن کے مطابق نسلی فسادات کے واقعے میں ہلاکتوں کے بڑھنے کا بھی امکان ہے۔ جبکہ مقامی ذرائع ابلاغ کا کہنا ہے کہ ہلاکتوں کی تعداد 200 تک یا اس سے زائد ہو سکتی ہے۔ خیال رہے کہ مغربی ایتھوپیا میں نسلی فسادات کا یہ واقعہ شمالی ٹیگری ریجن میں ایتھوپین فورسز اور مقامی فورسز کے درمیان گزشتہ ماہ ہونے ہونے والے فسادات سے مختلف ہے۔ حملے میں زندہ بچ جانے والے متعدد افراد نے ایمنسٹی انٹرنیشنل کو بتایا کہ گوموز کمیونٹی کے افراد نے امہارا، امورو اور شناشا قبائل پر حملہ کر کے ان کے گھروں کو جلایا، اور لوگوں کو چاقوؤں اور فائرنگ سے نشانہ بنایا۔ ایمنسٹی انٹرنیشنل کے مطابق حملے میں متاثر ہونے والے درجنوں افراد کی ابھی تک گنتی نہیں ہو سکی ہے۔
ایتھوپیامیں نسلی فسادات پھوٹ پڑے،ہلاکتیں200سے زائد ہو گئیں
Dec 25, 2020