شیخوپورہ‘ شرقپور‘ چناب نگر‘ لاہور‘ اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت‘ نامہ نگار‘ نمائندہ خصوصی‘ نوائے وقت رپورٹ) شرقپور کے قریب ناظر لبانہ انٹرچینج M-3 موٹروے پر 12 گاڑیاں آپس میں ٹکرا گئیں۔ خاتون سمیت 3 افراد جاں بحق اور 15 زخمی ہوگئے۔ چناب نگر میں 2 حادثات ہوئے۔ ایک شخص جاں بحق اور 8 زخمی ہوئے۔ کالا خطائی روڈ نارنگ منڈی پر بس الٹنے سے 20 سے زائد مسافر زخمی ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق شرقپورکے قریب ناظر لبانہ انٹرچینج M3 موٹروے پر 12 کے قریب گاڑیاں آپس میں ٹکرا گئیں۔ حادثہ شدید دھند کے باعث پیش آیا۔ حادثے میں خاتون سمیت 3 افراد جاںبحق ہوئے۔ اطلاع کے مطابق M3 موٹروے پر شرقپور شریف ٹال پلازہ سے 4 کلومیٹر لاہور کی طرف ملتان کی طرف جاتے ہوئے 12 کے قریب مسافر گاڑیاں آپس میں ٹکرا گئیں جس سے 1 خاتون اور 2 مرد مسافر جاں بحق ہو گئے۔ جبکہ 15 مسافر زخمی ہو گئے۔ جاں بحق ہونگ والوں میں خالد ولد رمضان، انصر ولد عبدالکریم اور افشاں بی بی شامل ہیں۔ چناب نگر سے نمائندہ خصوصی کے مطابق دھند کے باعث مختلف حادثات میں ایک شخص جاں بحق جبکہ آٹھ افراد شدید زخمی ہوگئے۔ پہلے حادثہ میں جھنگ موڑ کے قریب بس اور کار آپس میں ٹکرا گئے جس سے علی‘ شعیب‘ غفوراں‘ حسنین شدید زخمی ہوگئے‘ جبکہ کار کی ہی ٹکر سے سائیکل سوار مجید جاں بحق ہو گیا۔ حادثات کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کے عملہ نے جائے وقوع پر پہنچ کر زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد دینے کے بعد ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال پہنچادیا۔ لاہور سے نوائے وقت رپورٹ کے مطابق کالا خطائی روڈ نارنگ منڈی پر دھند کے باعث مسافر بس الٹ گئی۔ حادثے میں 20 سے زائد مسافر زخمی ہوگئے۔ مسافر بس شکرگڑھ سے لاہور جا رہی تھی۔ اسلام آباد سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق موٹروے M-2 ٹھوکر نیاز بیگ سے بھیرہ انٹرچینج تک شدید دھند کے باعث موٹروے ہر قسم یک ٹریفک کیلئے بند کر دیا گیا۔ دھند کی شدت میں کمی آتے ہی موٹروے کھول دیا جائے گا۔ عوام سے گزارش ہے کہ غیرضروری سفر سے گریز کریں۔ شدید دھند کے باعث لاہور کا علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ جزوی طور پر بند کر دیا گیا۔ نجی ٹی وی کے مطابق لاہور ایئر پورٹ پر حد نگاہ 150 میٹر رہ گئی۔
دھند سے ٹریفک حادثات: شرقپور3 ‘چناب نگر ایک جاں بحق‘ نارنگ منڈی 20 زخمی
Dec 25, 2020