ننکانہ صاحب (نامہ نگار) وفاقی وزیر اینٹی نارکوٹیکس بریگیڈیئر( ر) پیر اعجاز احمد شاہ نے کہا کہ منشیات پینے والے نہیں بیچنے والوں کیخلاف کارروائی ہو گی۔ علاقے کا ایس ایچ اواگر ٹھیک ہو تو کبھی بھی منشیات کا دھندہ نہیں ہو سکتا۔ جس علاقے میں بھی منشیات فروخت ہو گی اس علاقے کے ایس ایچ او کا نام ضرور ایف آئی آر میں درج کرائوں گا۔ یہ بات انہوں نے ننکانہ صاحب میںمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ پہلی دفعہ آپ کو نیک اور ایماندار وزیراعظم ملا ہے۔ حکومت پاکستان وطن عزیز سے کرونا وائرس کے خاتمے کے لیے ہر ممکنہ اقدامات کر رہی ہے۔ عوام کو کرونا وائرس کے خاتمے کے لیے حکومتی ایس او پیز پر عمل کرکے اس وباء سے چھٹکارا حاصل کرنا ہوگا۔ ڈپٹی کمشنر آفس ننکانہ کے کمیٹی روم میں منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وفاقی وزیر بریگیڈئیر (ر) پیر اعجاز احمد شاہ نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔ ضلع بھر میں ترقیاتی سکیمیں جاری ہیں۔ ننکانہ صاحب کا ماڈل ضلع بنائیں گے۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب راجہ منصور احمد،ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر اسماعیل الرحمن کھاڑک، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریونیو) محمد عثمان خالد، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس اینڈ پلاننگ رانا امجد علی، سمیت ضلعی انتظامیہ کے دیگر افسران بھی موجود تھے۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر راجہ منصور احمد نے ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے بریفنگ دی۔ اجلاس کے اختتام پر وفاقی وزیر نے قائد اعظم محمد علی جناح کی سالگرہ کے سلسلہ میں کیک بھی کاٹا۔
جہاں منشیات فروخت ہوگی، ایس ایچ او کا نام مقدمہ میں شامل کراؤنگا: اعجاز شاہ
Dec 25, 2020