لاہور(صباح نیوز) گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ اپوزیشن کی احتجاجی سیاست کا ایجنڈا انتشا رکے سوا کچھ نہیں،اپوزیشن کے اے سے زیڈ تک سارے پلان ناکام ہوں گے۔لاہور میں وزیر اعظم کے معاون خصوصی ندیم افضل چن نے گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور سے ملاقات کی جس میں ملک کی موجودہ سیاسی صورت حال اور دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا کہ اپوزیشن کی احتجاجی سیاست کا ایجنڈا انتشار اور فساد کے سوا کچھ نہیں، پی ڈی ایم کے جلسے کورونا پھیلا مہم کا حصہ بن رہے ہیں،پی ڈی ایم جماعتیں ایک پیج پر نہیں بلکہ سب کا اپنا اپنا پیج ہے، حکومت اپنے اصولی موقف سے کسی صورت پیچھے نہیں ہٹے گی، حکومت آئینی مدت کا آخری منٹ بھی پورا کر کے ہی جائے گی۔ اپوزیشن کے اے سے زیڈ تک سارے پلان ناکام ہوں گے، پی ڈی ایم بس دیکھتی جائے سینیٹ کے انتخابات بھی ہوں گے اور اس میں تحریک انصاف واضح کامیابی بھی حاصل کرے گی۔اس موقع پر ندیم افضل چن نے کہا کہ سیاسی مخالفین کا ملک کو عدم استحکام کا شکار کرنے کا ایجنڈہ ناکام ہی ہوگا، حکومت کو اپوزیشن کے احتجاج سے کوئی خطرہ نہیں، آئینی مدت پوری کر یں گے۔
اپوزیشن کی سیاست کا ایجنڈا انتشا رکے سوا کچھ نہیں: چوہدری سرور
Dec 25, 2020