قائداعظم نے باطل کو غیر ملکی مدد کے بغیر شکست ،دی،تحفظ پاکستان کیلئے ہر فرد کردار ادا کرے

Dec 25, 2020

لاہور(سیف اللہ سپرا) قائداعظمؒ ایک عظیم انسان تھے جنہوں نے باطل کی قوتوں کو کسی غیر ملکی مدد کے بغیر اپنی قوت ارادی اور بھر پور جدوجہد کی بدولت شکست دی۔ یاد رکھیں ہندوذہنیت ہمیشہ اسلام، مسلمانوں اور پاکستان کیلئے خطرے کا باعث رہی ہے۔ قائداعظمؒ نے ہندوذہنیت اور چالاکی کا پردہ چاک کیا۔ نوجوان نسل پاکستان کو قائداعظمؒ اور علامہ اقبالؒ کے افکار و خیالات کے مطابق بنانے کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔ ہم نے قیام پاکستان کے وقت جو وعدہ کیا تھا اسے پورا کرنا ہو گا۔ پاکستان کے تحفظ کیلئے ہر فرد اپنا کردار ادا کرے۔ ان خیالات کا اظہار مقررین نے نوائے وقت گروپ کے زیراہتمام قائداعظمؒ کے 144ویں یوم ولادت کے موقع پر ٹیلی فورم میں کیا۔ ٹیلی فورم کے شرکا میں تحریک پاکستان ورکرز ٹرسٹ کے چیئر مین چیف جسٹس (ر) میاں محبوب احمد ، نظریہ پاکستان ٹرسٹ اور تحریک پاکستان ورکرز ٹرسٹ کے وائس چیئر مین میاں فاروق الطاف، تحریک پاکستان کے کارکن کرنل (ر) سلیم ملک، تحریک پاکستان کے گولڈمیڈلسٹ کارکن مرزا محمد اسلم، تحریک پاکستان ورکرز ٹرسٹ کے سیکرٹری شاہد رشید  شامل تھے۔ تحریک پاکستان ورکرز ٹرسٹ کے چیئر مین چیف جسٹس (ر) میاں محبوب احمدنے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ آج محاسبے کا دن ہے کہ قائداعظمؒ نے ہمارے اور ہماری آنیوالی نسلوں کے لیے کیا کچھ کیا اور اس کے مقابلے میں ہم نے قائداعظمؒ کے اصولوں اور ان کے بتائے ہوئے راستے پر کتنا عمل کیا۔ ہمارے لیے یہ بات باعث ندامت ہے کہ ہم وہ اہداف حاصل نہیں کر سکے جو قائداعظمؒ نے اس وطن عزیز کے لیے مقرر کیے تھے۔ انہوں نے کہا کہ  مسٹر محمد علی جناح کہنا تھا کہ قانون کی نظر میں سب برابر ہیں۔ قائداعظمؒ ایک عظیم انسان تھے جنہوں نے باطل کی قوتوں کو کسی غیر ملکی مدد کے بغیر اپنی قوت ارادی اور بھر پور جدوجہد کی بدولت شکست دی۔ نظریہ پاکستان ٹرسٹ اور تحریک پاکستان ورکرز ٹرسٹ کے وائس چیئر مین میاں فاروق الطاف نے کہا قائداعظمؒ کی کامیابی کا راز یہ تھا کہ انہوں نے کبھی جھوٹ نہیں بولا۔ ہمیں بھی سچ کی راہ کو اپنانا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں قائداعظمؒ کے فرمودات پر عمل کرنا چاہئے اور اپنا وقت ضائع نہیں کرنا چاہیے، علم حاصل کرنا چاہیے اور منزل کا تعین کر کے اس کے حصول میں لگ جانا چاہیے۔ نوجوان نسل پاکستان کو قائداعظمؒ اور علامہ اقبالؒ کے افکار و خیالات کے مطابق بنانے کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔ بلاشبہ قائداعظمؒ سچائی کا پیکر تھے ہم نئی نسل کو قائداعظمؒ کے افکار ونظریات سے آگاہ کر رہے ہیں۔ قائداعظمؒ کا پیغام تھا کہ ہمیں اپنے پاؤں پر خود کھڑا ہونا چاہئے۔ نئی نسل قائداعظمؒ کی تقاریر کا بغور مطالعہ کرے۔ وہ پاکستان کو ایک اسلامی فلاحی جمہوری ملک بنانا چاہتے تھے جہاں امیر اور غریب سب برابر ہوں۔ تحریک پاکستان کے کارکن کرنل (ر) سلیم ملک نے کہا کہ قائداعظمؒ نے برصغیر کے منتشر مسلمانوں کو یکجا کر کے ایک قوم بنایا۔ آج دشمنان وطن نے ہمیں تفرقہ بازی میں ڈال رکھا ہے۔ ہمیں ایک بار پھر متحد ہونا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ قیام پاکستان سے قبل مسلمانوں کی حالت بہت پسماندہ تھی آج ہم جو کچھ ہیں پاکستان کی بدولت ہیں۔ ہم نے قیام پاکستان کے وقت جو وعدہ کیا تھا اسے پورا کرنا ہو گا۔ پاکستان کے تحفظ کیلئے ہر فرد اپنا کردار ادا کرے۔آج قائداعظمؒ کے افکار و نظریات پر عمل کرنے کی بہت زیادہ ضرورت ہے۔ مسلمانان برصغیر نے قائداعظمؒ کی قیادت میں بہت قربانیاں دیں ہمیں اپنے ان عظیم رہنماؤں پر فخر ہے۔ مجھے قائداعظمؒ کو دیکھنے کا اعزاز حاصل ہے، آپ کی اپیل پر برصغیر کے ہزاروں طالب علموں نے تعلیم چھوڑ کر ان کے مشن کی تکمیل کیلئے اپنے آپ کو پیش کیا میں بھی ان طالب علموں میں شامل تھا۔ میں نے مہاجر کیمپوں میں خدمات انجام دیں۔ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے مہاجرین آباد ہو گئے۔ آج پاکستان میں ہر ایک تحفظ اور امن کی زندگی بسر کرنے کا خواہشمند ہے۔ تحریک پاکستان کے گولڈ میڈلسٹ کارکن مرزا محمد اسلم نے کہا کہ آج ہم اس بطل جلیل کا یوم ولادت منا رہے ہیں جس نے مسلمانان برصغیر پر احسان عظیم کیا اور ان کی ولولہ انگیز قیادت میں ہمیں ایک آزاد وطن مل گیا۔ قائداعظمؒ بیسویں صدی کے عظیم ترین سیاستدان تھے۔ ہمیںان جیسا کوئی دوسرا لیڈرنہیں مل سکا۔ آپ ایک اعلیٰ پائے کے وکیل تھے۔ پاکستان کو مضبوط بنانے کے لیے علامہ محمد اقبالؒ اور قائداعظمؒ کے نظریات و تصورات پر عمل پیرا ہونا ہو گا۔ نئی نسل پاکستان کی تعمیر و ترقی میں اپنا بھرپور کردار ادا کرے۔ آج ہمیں اچھے حکمرانوں کی ضرورت ہے جو ملکی مفاد کو ذاتی مفاد پر ترجیح دیں۔ تحریک پاکستان ورکرز ٹرسٹ کے سیکرٹری شاہد رشید نے کہا کہ بابائے قوم قائداعظمؒ  نے اپنی ان تھک محنت اور عزم صمیم سے مسلمانان برصغیر کو ایک آزاد وطن دلایا۔ پاکستان عطیۂ خداوندی ہے ہمیں اس کی آزادی کی قدر کرنی چاہیے۔ ہم سب کو از سر نو یہ عہد کرنا چاہئے کہ ہم سے جو غلطیاں اور کوتاہیاں ہوئی ہیں اس کے ازالہ کے لیے ہم پاکستان کو قائداعظمؒ اور علامہ اقبال ؒ کا پاکستان بنانے کیلئے نیک نیتی سے جدوجہد کریں گے۔

مزیدخبریں