انویسٹی گیشن امور جدید ٹیکنالوجی پر استوار کئے جائیں:آئی جی

لاہور(نمائند ہ خصوصی)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب انعام غنی نے کہاہے کہ انویسٹی گیشن کے پیشہ ورانہ امور کو جدید ٹیکنالوجی پر استوار کرتے ہوئے بہتر سے بہتر بنانا پنجاب پولیس کی اولین ترجیحات میں شامل ہے لہذا انویسٹی گیشن کے معاملات کی نگرانی کیلئے صوبے کے تمام ریجنل مانیٹرنگ یونٹس کی کارکردگی کی کلوز مانیٹرنگ کو یقینی بنایا جائے اور درج ہونے والے ہر کیس کی انویسٹی گیشن کے مراحل کی طے شدہ ایس او پیز کے مطابق نگرانی بھی کی جائے ۔ انہوں نے مزیدکہاکہ ریجنل مانیٹرنگ یونٹس اپنے زیر انتظام اضلاع میں روزانہ کی بنیاد پر 15کالز اور 8787پر موصول شکایات پر درج ہونیوالی ایف آئی آرز کی مانیٹرنگ کریں ۔اورجن شکایات پر ایف آئی آرز درج نہ ہوں ان پر متعلقہ ذمہ داران سے جواب طلبی کی جائے۔ انہوں نے مزیدکہاکہ انویسٹی گیشن کے پرفارمنس انڈیکٹرزکی مانیٹرنگ سے متعلقہ ایپ کو جلد از جلد لانچ کیا جائے تاکہ ہر کیس کی انویسٹی گیشن میں ہونے والے پیش رفت کا بغور جائزہ لیا جاسکے ۔ انہوں نے مزیدکہا کہ پنجاب کے تمام ایس پیزانویسٹی گیشن، ریجنل ایس پیز انویسٹی گیشن کے ساتھ آئندہ ہفتے ویڈیو لنک میٹنگ منعقد کی جائے اور میٹنگ میں تمام ایس پیز کو انویسٹی گیشن کے معیار میں مزید بہتری کیلئے جاری کردہ انڈیکیٹرز بارے تفصیلی بریف کیا جائے۔ انہوںنے مزیدکہاکہ قابل ضمانت جرائم میں ایس ایچ او کی سطح پر ضمانت کی فراہمی بارے ایڈیشنل آئی جی اورایس پیز انویسٹی گیشن تمام امور کا جائزہ لے کر اپنی سفارشات سنٹرل پولیس آفس بھجوائیںتاکہ ان سفارشات کی بنیاد پر شفاف طریقہ کار وضع کرکے آئندہ اجلاس میں حتمی منظوری کیلئے پیش کیا جاسکے ۔ان خیالات کا اظہار انہوںنے آج سنٹرل پولیس آفس میں منعقدہ اعلی سطحی اجلاس کی صدارت کے دوران کیا۔ اجلاس میں برٹش ہائی کمیشن کے جسٹس سپورٹ سسٹم پروگرام(JSSP) کے وفد اور پنجا ب پولیس کے افسران موجود تھے جبکہ اس موقع پرریجنل مانیٹرنگ یونٹس کی کارکردگی کو مزید موثر بنانے بارے امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا ۔

ای پیپر دی نیشن