لاہور/ اسلام آباد /کراچی (نمائندہ نوائے وقت+ نامہ نگار) بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح ؒ کا 144واں یوم پیدائش آج عقیدت و احترام اور ملی جوش و جذبے سے منایا جائے گا۔ دن کا آغاز نماز فجر کے بعد خصوصی دعائوں سے ہوگا جس میں محمد علی جناح کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کی جائے گی۔ وفاقی دارالحکومت میں 31جبکہ صوبائی دارالحکومتوں میں 21،21توپوں کی سلامی دی جائیگی۔ مزار قائد پرگارڈز کی تبدیلی کی تقریب منعقد ہوگی جس میں اعلیٰ حکومتی، عسکری اور سیاسی شخصیات شرکت کریں گی جومزار قائد پر حاضری دے کر پھول چڑھائیں گی اور فاتحہ خوانی کریں گی۔ پاکستان مسلم لیگ، تحریک پاکستان ورکرز ٹرسٹ، نظریہ پاکستان فانڈیشن، مرکزیہ مجلس اقبال اور دیگر تنظیموں کے اشتراک سے خصوصی تقریبات، سیمینارز، کانفرنسز، مذاکروں، مباحثوں کے پروگرام ترتیب دئیے گئے ہیں۔ حکومت کی جانب سے یوم قائد اعظم پر عام تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے۔ بابائے قوم کے یوم ولادت کے سلسلہ میں مختلف قائدین نے اپنے پیغام میں کہا کہ قوم کو قائد کے پاکستان کو بچانے اسے مضبوط کرنے دہشتگردی کے جڑے خاتمہ اور ہر قسم کے استحکام کیلئے متحد ہو جانا چاہئے آج ہمیں پہلے سے بھی بڑھ کر مخلصانہ طریقے سے قائد کے افکار پر عمل کی ضرورت ہے۔