یوم قائد، کرسمس پر فول پروف سکیورٹی کا حکم، دشمن پاکستان کو نقصان پہچانا چاہتا ہے: عثمان بزدار

لاہو (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی جانب سے یوم قائد اور کرسمس پر امن و امان قائم رکھنے کے لیے ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے صوبہ بھر میں فول پروف سکیورٹی انتظامات کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ پولیس، انتظامیہ اور متعلقہ ادارے یوم قائد اور کرسمس تقریبات کی بہترین سکیورٹی انتظامات یقینی بنائیں۔ عوام کے جان و مال کے تحفظ سے بڑھ کر کوئی اور ترجیح نہیں ہو سکتی۔ پولیس خود فیلڈ میں موجود رہیں۔ تقریبات میں کرونا ایس او پیز کا خیال رکھا جائے۔ دشمن پاکستان کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کے درپے ہے۔ پولیس اورقانون نافذ کرنے والے ادارے د شمن کے مذموم عزائم ناکام بنانے کیلئے ہمہ وقت چوکس رہیں۔ عثمان بزدارنے کرسمس کے تہوار کے موقع پرمسیحی برادری کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ کرسمس مسیحی برادری کے لئے خوشیوں بھرا تہوار ہے۔ آئسولیشن میں ہونے کے باعث کرسمس کیک کاٹنے کی تقریب میں حاضر نہ ہوسکا تاہم میں کرسمس پر مسیحی برادری کی خوشیوں میں برابر کا شریک ہوں۔ عثمان بزدار نے بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کے یوم ولادت پرپیغام میں کہا ہے کہ قوم قائداعظم محمد علی جناح کا احسان تا قیامت نہیں اتار سکتی۔ قائداعظم محمد علی جناح نے مسلمانان برصغیر کو غلامی کی زنجیروں سے نجات دلائی ان کی ولولہ انگیز قیادت میں مسلمانوں کے لئے آزاد وطن کاخواب حقیقت میں بدلا۔ قائداعظم جیسے مدبرصدیوں بعد پیدا ہوتے ہیں۔ کوئی لالچ اور خوف قائد اعظم محمد علی جناح کو اپنے عظیم مقصد سے نہ ہٹا سکا۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ الحمداللہ، طبیعت میں مزید بہتری آئی ہے۔ فی الحال قرنطینہ میں ہوں اور ڈاکٹرز کی ہدایت کے مطابق آرام کر رہا ہوں، تاہم اہم سرکاری امور گھر سے ہی نمٹا رہا ہوں۔ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے فیملی کے ٹیسٹ نیگٹو آئے ہیں۔ صحت یابی کیلئے دعاؤں پر عوام کا مشکور ہوں۔ موجودہ حالات میں عوامی اجتماعات کرنا کسی صورت بھی مناسب نہیں۔

ای پیپر دی نیشن