برسلز (نوائے وقت رپورٹ) برطانیہ اور یورپی یونین کے درمیان بریگزٹ فری تجارتی معاہدہ مکمل ہوگیا۔ یورپی یونین نے برطانیہ سے تقریباً اپنی تمام شرائط منوا لیں۔ یورپی میڈیا کے مطابق یورپی مچھیرے برطانوی سمندر سے مچھلیاں پکڑ سکیں گے۔ برطانیہ نے یورپ کا آخری مطالبہ بھی مان لیا۔ مچھلی شکار کا حق چھوٹا مسئلہ تھا لیکن کئی ممالک اس میں شامل تھے۔ 31 دسمبر برطانیہ کا یورپی یونین میں آخری دن ہوگا۔ برطانوی میڈیا کے مطابق یورپی یونین اور برطانوی حکام نے بریگزٹ معاہدہ طے پانے کی تصدیق کر دی۔ بریگزٹ معاہدہ 31 دسمبر کی ڈیڈلائن سے ایک ہفتہ قبل طے پا گیا ہے۔ برطانوی وزیراعظم بورس جانسن نے تجارتی ڈیل پر مسرت کا اظہار کرتے کہا کہ کرنسی ‘ بارڈر کنٹرول‘ قانون‘ تجارت اور ماہی گیری پر برطانوی کنٹرول واپس ہوگیا۔ یورپ کے دروازے پر متحرک خوشحالی برطانیہ کیلئے کوئی بری بات نہیں۔ میڈیا سے گفتگو میں بورس جانسن نے کہا کہ برطانیہ اور یورپی یونین میں 668 ارب پاؤنڈ کا تجارتی معاہدہ طے پایا ہے۔ جو اب تک کا سب سے بڑا تجارتی معاہدہ کیا ہے۔ معاہدے کے بعد برآمدکنندگان کو یورپ کے ساتھ تجارت کے مزید مواقع ملیں گے۔ ہم نے اپنے قوانین کا کنٹرول مکمل طور پر واپس حاصل کر لیا ہے۔ تجارتی معاہدے کے بعد برطانیہ پر یورپی کورٹ آف جسٹس کا دائرہ کار بھی ختم ہوگیا۔ 1973ء کے بعد پہلی بار ہمارے پانیوں پر ہمارا اختیار ہوگا۔ برطانیہ ہمیشہ یورپ کا قابل اعتماد دوست اور اتحادی رہے گا۔ یقین ہے کہ بریگزٹ معاہدہ پورے یورپ کیلئے بہتر ثابت ہوگا۔