دالوں، گوشت،دودھ،دہی،انڈوں سمیت23اشیاء مہنگی،5سستی ادارہ شماریات


اسلام  آباد (نمائندہ خصوصی)  مہنگائی کی شرح  0.40 فیصد اضافہ سے  19.83 فیصد کی سطح پر پہنچ گئی ہے۔ وفاقی ادارہ شماریات کی جانب سے مہنگائی کی ہفتہ وار رپورٹ جاری کی گئی جس کے مطابق ماہانہ 17 ہزار تک کمانے والوں کیلئے مہنگائی ریکارڈ 22 فیصد ہوگئی۔ رواں ہفتے کے دوران 23 اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ ہوا اور ٹماٹر، ایل پی جی، لکڑی بھی مہنگی ہوگئی۔ ادارہ شماریات کے مطابق رواں ہفتے ایل پی جی کا گھریلو سلنڈر 118روپے 3 پیسے مہنگا ہوا جس کے بعد قیمت 2345 سے بڑھ کر 2463 روپے ہوگئی ہے۔ ایک ہفتے کے دوران ٹماٹر فی کلو 5 روپے 42 پیسے مہنگے ہوگئے، رواں ہفتے چینی کی فی کلو قیمت میں 1روپے 32 پیسے کا اضافہ ہوا۔ ایک ہفتے کے دوران انڈوں کی فی درجن قیمت میں 5 روپے 3 پیسے کا اضافہ ہوا، رواں ہفتے دال ماش کی فی کلو قیمت میں 3روپے 47 پیسے کا اضافہ، لکڑی کی فی من قیمت میں 3روپے 43پیسے کا اضافہ ہوا۔ رواں ہفتے صرف 5 اشیاء کی قیمتوں میں کمی ہوئی، آلو 2 روپے 5 پیسے فی کلو سستے ہوئے، پیاز، گڑ اور آٹے کی قیمتوں میں معمولی کمی ہوئی۔ جبکہ چاول، کوکنگ آئل سمیت 23اشیاء کی قیمتوں میں استحکام رہا۔ نجی ٹی وی کے مطابق حالیہ ہفتے دال مسور کی قیمت میں 3 روپے 47 پیسے فی کلو اضافہ ہوا۔ دال مونگ  12 پیسے‘ دال ماش‘  35 پیسے‘ دال چنا 50  پیسے فی کلو مہنگی ہوئی۔ بیف 2 روپے‘ مٹن 6 روپے 23 پیسے مہنگا ہوا۔ ایک ہفتے میں چکن‘ لہسن ‘ کیلے‘ تازہ دودھ‘ دہی کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہوا۔

ای پیپر دی نیشن