لاہور( سپیشل رپورٹر) صوبائی سیکرٹری اطلاعات وثقافت پنجاب راجہ جہانگیر انور نے کہا ہے کہ الحمراء کی بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح ڈے کی مناسبت سے انکے پیغام کو اُجاگر کرنے کی تمام کاوشیوں قابل ستائش ہیں۔ نوجوان نسل کو قائداعظم کے بتائے ہوئے اصولوں پر عمل پیرا ہونے کی طرف راغب کرنا ہمارا فرض ہے جسے حکومت پنجاب اپنے احسن اقدامات سے نبھا رہی ہے۔ ان خیال کا اظہار انہوں نے الحمراء میں قائداعظم محمد علی جناح ڈے کی مناسبت سے کیک کاٹنے کے موقع پر کیا۔ہمیں آزادی کی قدر کرنی چاہیے۔ اپنے تن من دھن کو وطن عزیز کی ترقی و خوشحالی کیلئے وقف کر کے ہی ہم سرخرو ہوسکتے ہیں۔ایگزیکٹوڈائریکٹر لاہور آرٹس کونسل الحمراء ذوالفقار علی زلفی نے اس موقع پر کہا کہ الحمراء اپنے قائدین کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے بڑھ چڑھ کر اہم سرگرمیوں کا انعقاد کر رہا ہے۔ پوٹریٹ کا مقابلہ منعقد کرنے کا مقصد نوجوانوں کو محمد علی جناح کی خدمات سے روشناس کروا نا ہے۔ذوالفقا ر علی زلفی نے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح دنیا میں اپنی تہذیب و ثقافت کے عظیم سفیر تھے۔ کیک کاٹنے کی تقریب میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔