کراچی (نوائے وقت رپورٹ) چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس گلزار احمد نے ٹرینٹی چرچ کراچی میں کرسمس کا کیک کاٹا۔ چیف جسٹس گلزار احمد نے مسیحی برادری کو کرسمس کی مبارک باد دیتے کہا کہ عدلیہ آپ کے حقوق کا تحفظ کرے گی۔ آج کا دن مسیحی برادری کیلئے بڑا دن ہے۔ خوشی ہے کہ کرسمس کی تقریبات بھرپور انداز میں منائی جا رہی ہیں۔ میں نے مشنری سکول کو واپس کرنے کے معاملے پر چیف سیکرٹری سے بات کی ہے۔ انہیں کہا ہے کرسچئن کمیونٹی سکول واپس کرنے کے اقدامات کئے جائیں۔ پاکستان کی ترقی میں کرسچن کمیونٹی کا اہم کردار رہا ہے۔ بیورو کریسی‘ آرمی سمیت ہر شعبے میں کرسچین کمیونٹی نے بھرپور کردار کیا۔ کرسچن کمیونٹی پاکستان کو بہتر بنانے کیلئے پیش پیش ہے۔ آپ کو اتنا ہی قانونی تحفظ حاصل ہے جتنا کسی دوسرے کو ہے۔ کسی اقلیت کے حقوق سلب نہیں ہونے دیں گے۔ عدلیہ آپ کے حقوق کا تحفظ کرے گی۔