انجیلا رائز‘ لارڈ واجد کی ملاقات‘ افغانستان کی مدد کی جائے: گورنر

Dec 25, 2021

لاہور (اے پی پی) گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور سے برطانیہ کی لیبر پارٹی کی ڈپٹی لیڈر انجیلا رائنر اور لارڈ واجد خان نے جمعہ کو گورنر ہائوس لاہور میں ملاقات کی۔ انجیلا رائنر اور لارڈ واجد خان نے افغان امن کیلئے وزیر اعظم عمران خان کی کوششوں کا اعتراف کیا جبکہ چوہدری محمدسرور نے انجیلا اور واجد خان سے افغانستان میں امن اور معاشی استحکام کیلئے کردار ادا کر نے کا مطالبہ کیا ۔ ملاقات میں پاک برطانیہ تعلقات، افغانستان میں معاشی حالات اور امن، خطے کی موجودہ صورتحال اور مسئلہ کشمیر سمیت دیگر ایشوز کے حوالے سے بات چیت کی گئی۔ چوہدری محمد سرور نے انجیلا رائنر اور لارڈ واجد خان کو کشمیریوں پر جاری بھارتی مظالم کے حوالے سے حقائق سے آگاہ کیا۔ انجیلا رائنر اور لارڈ واجد خان نے دہشت گر دی کے خاتمے اور افغانستان میں امن واستحکام کے لیے پاکستانی کردار کو سراہا۔ انہوں نے افغان امن اور معاشی استحکام کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کر نے کی یقین دہانی بھی کروائی جبکہ گور نر پنجاب نے ملاقات کے دوران لارڈ واجد خان سمیت اوورسیز پاکستانیوں کی ملک وقوم کیلئے خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ الحمد للہ برطانیہ کے دونوں ایوانوں میں پاکستانیوں کی بڑی جاندار نمائندگی موجود ہے، افغانستان میں امن اور معاشی استحکام کیلئے بھی بر طانیہ سمیت دنیا بھر میں بسنے والے اوورسیز پاکستانی آواز بلند کر یں چوہدری محمدسرور نے کہا کہ اس بات میں کوئی شک نہیں کہ اگر دنیا نے افغانستان کو تنہا چھوڑا تو پھر پچھتاوے کے سواکچھ نہیں ملے گا اس لیے امر یکا سمیت دیگرممالک کو چاہیے کہ وہ افغانستان کے حوالے سے اپنی پالیسی پر نظر ثانی کریں اور افغانستان کو معاشی تباہی سے بچانے کیلئے وہاں انسانیت کے تحفظ کیلئے غیر مشروط امداد کا اعلان کر یں ۔

مزیدخبریں