موڑ کھنڈا، ننکانہ صاحب (نامہ نگار) وفاقی وزیر اعجاز شاہ نے کہا ہے کہ جون سے پہلے پنجاب میں بلدیاتی الیکشن ہوں گے۔ پی ٹی آئی بلدیاتی الیکشن سے فرار نہیں ہوگی بلکہ الیکشن لڑے گی۔ کبھی ایسا ہوا کہ کوئی پارٹی حکومت میں ہو اور بلدیاتی الیکشن ہار جائے؟ الیکشن شفاف ہوئے ہیں حکومت نے مداخلت نہیں کی۔ شفاف الیکشن کا کریڈٹ عمران خان کو جاتا ہے۔ڈپٹی کمشنر آفس ننکانہ صاحب کے کمیٹی روم میں ڈسٹرکٹ کوارڈی نیشن کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کررہے تھے۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب زاہد پرویز وڑائچ، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کیپٹن (ر) منصورامان، سابقہ ایم این اے چوہدری بلال احمد ورک، پی ٹی آئی کے پارٹی رہنما طارق سعیدگھمن، سابقہ ایم پی اے رائے اسلم کھرل، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس رانا امجد علی، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو جنت حسین نیکوکارا، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل سید احسن رضا،اسسٹنٹ کمشنر ننکانہ زینب طاہر،اسسٹنٹ کمشنر شاہکوٹ رانا اورنگزیب ،اسسٹنٹ کمشنر سانگلہ ہل ڈاکٹر مبارک علی راجپوت،ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ طارق ڈھلوںسمیت تمام محکمہ جات کے سربراہان نے شرکت کی اس موقع پرڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب زاہد پرویز وڑائچ اور ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ طارق ڈھلوں نے ضلع بھر میں جاری اور نئی ترقیاتی سکیموں کے حوالے سے وفاقی وزیرانسداد منشیات کو بریفنگ دی۔ ڈی پی او ننکانہ صاحب کیپٹن (ر) منصور امان نے کہا کہ سائبرکرائم کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی،کرسمس کے موقع پر 1000سے زائد پولیس کے جوان ڈیوٹی کے فرائض انجام دیں گے۔ اعجاز احمد شاہ نے گذشتہ دنوں موٹروے حادثہ میں شہید ہونیو الے ایلیٹ فورس کے جوان طارق علی شہید کے اہل خانہ سے اظہار افسوس کیا اور شہید کے درجات کی بلندی کے لیے فاتحہ خوانی بھی کی دریں اثناء وفاقی وزیر انسداد منشیات اعجاز احمد شاہ نے ننکانہ تا سیدوالہ روڈکے تعمیراتی کا م کا آغاز کیا جبکہ10کنال پر محیط موڑکھنڈا کالج کاسنگ بنیاد بھی رکھا۔اقلیتوں کے مذہبی تہواروں پر بہترین سہولیات اور فول پروف سیکورٹی کی فراہمی حکومت پاکستان کی اولین ذمہ داری ہے، وطن عزیز کی تمام مسیحی برادری کو کرسمس ڈے اور نئے سال کی مبارکباد پیش کرتا ہوں، پاکستان میں تمام اقلیتوں کو مکمل مذہبی آزادی اور مساوی حقوق حاصل ہیں،کرسمس ڈے اور نئے سال کی تقریبات منانے کے لیے ہر ممکن وسائل کو بروئے کارلایا گیاہے۔