اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح کو ان کے 146ویں یوم پیدائش پر شاندار الفاط میں خراج عقیدت پیش کیا ہے، جو آج انتہائی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جائے گا۔ اپنے جاری کردہ پیغام میں پی پی پی چیئرمین نے کہا کہ آمرانہ قوتوں اور ان کے حواریوں کی جانب سے بابائے قوم کے نظریے کو پامال اور ملک کو ان کے ویژن سے دور لے جانے کی کوششیں کی گئیں، لیکن پاکستان پیپلز پارٹی کی زیر قیادت جمہوری قوتوں نے ہمیشہ ناقابل فراموش جدوجہد کے ذریعے ایسی سازشوں کو ناکام بنایا ہے۔ سابق صدر آصف علی زرداری نے بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کے یوم پیدائش پر انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ قائداعظم نہ صرف قانون دان بلکہ سیاستدان اور ترقی پسند لیڈر تھے۔ انہوں نے برصغیر کے مسلمانوں کے لئے الگ ملک بنایا تھا۔ اپنے پیغام میں سابق صدر نے کہا کہ بدقسمتی کی بات ہے کہ قائداعظم کے انتقال کے بعد انتہائی بے دردی کے ساتھ ان کے اصولوں کی نفی کی گئی۔ جمہوریت اور سیاستدانوں کے خلاف مہم جوئی کی گئی۔ وفاق کی طرف سے غیرمنصفانہ سلوک کی وجہ سے سانحہ مشرقی پاکستان رونما ہوا۔ آصف زرداری نے کہا کہ اٹھارہویں آئین ترمیم کے تحت صوبوں کی خود مختاری کا حترام کیا جائے اور صوبوں کو این ایف سی ایوارڈبھی دیا جائے۔ اس سوچ کو ختم کرنا ہوگا جس سوچ کی فیکٹری سے غداری کے سرٹیفکیٹ جاری ہوتے ہیں۔ پیپلز پارٹی کے سیکرٹری جنرل سید نیئر حسین بخاری نے قوم کو بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح کے یوم ولادت اور کرسمس پر مبارکباد کے پیغام میں کہا ہے کہ قائد اعظم محمد علی جناح کی جمہوری جدوجہد سے پاکستان معرض وجود میں آیا۔ قائد اعظم کے افکار کی روشنی میں ترقی پسند فلاحی جمہوری مملکت کیلئے جدوجہد جاری رکھیں گے۔
صوبوں کی خودمختاری کا احترام، این ایف سی ایوارڈ بھی دیا جائے: زرداری
Dec 25, 2021