ملتان (خبر نگار خصوصی ‘ خصوصی رپورٹر‘ نمائندہ خصوصی) چیف سیکرٹری پنجاب کی آج ملتان آمد کے موقع پر تمام متعلقہ محکموں نے تیاریاں مکمل کرلی ہیں چیف سیکرٹری دوبجے ملتان سرکٹ ہاؤس میں جنوبی پنجاب کے سیکرٹریز کے اجلاس کی صدارت کریں گے وہ بائی روڈ ملتان ائیں گے جس کی وجہ سے ان کے متوقع روٹس پر ناجائز تجاوزات کے خلاف آپریشن اور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی طرف سے صفائی آپریشن جاری رہا ضلع کونسل کے لینڈ افسر امتیاز احمد چٹھ کی نگرانی میں بستی ملوک ناگ شاہ چوک بہاولپور بائی پاس ودیگر مقامات پر تجاوزات کے خلاف آپریشن کیا گیا جبکہ ویسٹ کمپنی کی طرف سے شہر کے داخلی راستوں اور مرکزی شاہراؤں پر گرینڈ آپریشن تیسرے روز جاری رہا کمپنی کے ایم ڈی فخر الاسلام ڈوگر صفائی آپریشن کی نگرانی کرتے رہے قادر پور راں انٹری گیٹ سے شہر تک اور بہاولپور روڈ اور شجاع آباد انٹر چینج سے ڈبل پھاٹک تک خصوصی صفائی کی گئی ۔خصوصی رپورٹر کے مطابق نشتر ہسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ(ایم ایس)ڈاکٹر امجد چانڈیو نے 25 سے 27 دسمبر 2021ء کے دوران چیف سیکرٹری پنجاب کے نشتر ہسپتال کے ممکنہ دورے کے دوران ڈاکٹروں و سٹاف کو الرٹ رہنے کا حکم دیا ہے۔تمام ایڈمن رجسٹرار کو ادویات کی دستیابی،صفائی رکھنے،سفید اوور آل،یونیفارم پہننے،سٹاف کی حاضری یقینی بنانے،نام کا ٹیگ لگانے کی ہدایت کی ہے۔ نمائندہ خصوصی کے مطابق ایم ڈی اے انفورسمنٹ ٹیم کاتجاوزات کے خلاف کریک ڈاؤن انفورسمنٹ ٹیم نے تجاوزات کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے چونگی نمبر 9 ،رشید آ باد ،چوک کمہاراں والا تک ، بوسن روڈ سیداں والا بائی پاس چوک ناردن بائی پاس روڈ ماڈل ٹاؤن چوک سے واپڈا ٹاؤن تک روڈ کی حدود میں قائم عارضی و مستقل تجاوزات کو ختم کر کے روڈ کلیئر کرا دیا۔آپریشن کی سربراہی اسسٹنٹ ڈائریکٹر انفورسمنٹ آ فاق احمد بھٹی نے کی جبکہ اسسٹنٹ ڈائریکٹر انفورسمنٹ ملک جاوید اعوان ،سپریٹینڈ انفورسمنٹ رانا سعید اور انفورسمنٹ سکواڈ ان کے ہمراہ تھا۔
چیف سیکرٹری کی آج ملتان آمد متوقع‘ تجاوزات کا صفایا‘ خصوصی صفائی
Dec 25, 2021