واشنگٹن (این این آئی )امریکی انتظامیہ نے امریکی اور اقوام متحدہ حکام کو طالبان حکام کے ساتھ سرکاری نوعیت کے مالی امور نمٹانے کی اجازت دے دی ہے۔ اس اجازت کا مقصد اقوام متحدہ کی جانب سے آنے والے سال میں طالبان کی حکومت کو 60 لاکھ ڈالر کی امداد کی فراہمی کے لئے راہ ہموار کرنا ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق امریکی وزارت خزانہ کی جانب سے یہ اعلان اقوام متحدہ کے سبسڈی منصوبے کے ایک روز بعد سامنے آیا ۔اقوام متحدہ نے اعلان کیا کہ وہ طالبان کی وزارت داخلہ کی تنخواہوں پر سبسڈی دیتے ہوئے ماہانہ الائونس جاری کرے گا۔واشنگٹن نے طالبان کے اثاثوں کو منجمد کرتے ہوئے امریکی شہریوں پر طالبان اور حقانی نیٹ ورک کے ارکان کے ساتھ کسی بھی قسم کی تجارتی سرگرمی پر پابندی عائد کر دی تھی۔امریکی وزارت خزانہ نے افغانستان پر عائد پابندیوں میں نرمی کرتے ہوئے تین جنرل لائسنس جاری کئے ہیں جن کی مدد سے طالبان حکومت اور افغان عوام کو درپیش مسائل میں کمی لائی جاسکتی ہے۔