کراچی(کامرس رپورٹر)تعمیراتی صنعت میں سرمایہ کاری کے امکانات اور جدید طرز زندگی کی سہولتوں پر مشتمل رہائشی منصوبوں میں رہائش کے مواقع اجاگر کرنے کے لیے کراچی ایکسپو سینٹر میں تین روزہ نمائش بلڈ ہوم ایکسپو ایگزی بیشن کا آغاز ہوگیا ہے۔ نمائش میں پاکستان کے 60 سرفہرست بلڈرز اور ڈیولپرز اپنے منفرد پراجیکٹس کے ساتھ حصہ لے رہے ہیں جن میں گلبرگ گرینز پراجیکٹ جیسے بلڈرز شامل ہیں۔ نمائش میں رہائشی منصوبوں کے ساتھ تعمیراتی صنعت سے تعلق رکھنے والی کمپنیاں اور مالیاتی ادارے بھی شریک ہیں۔ کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سابق صدر اور بزنس مین گروپ کے چیئرمین زبیر موتی والا نے نمائش کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر زبیر موتی والا نے کہا کہ کراچی ملک کا سب سے بڑا شہر ہے اور معیشت میں سب سے بڑا حصہ رکھتا ہے تاہم اس شہر کو بدقسمتی سے نظر انداز کیا گیا۔ انہوں نے پالیسی سازوں پر زور دیا کہ کراچی کے ساتھ امتیازی سلوک روا نہ رکھا جائے اور اس شہر کو نظر انداز نہ کیا جائے، کراچی کے ساتھ کیے گئے وعدے تاحال پورے نہ ہوسکے اور کراچی کو سرکاری منصوبوں میں اس کا حصہ نہ مل سکا۔ انٹلی جنس بیورو کو آپریٹیو ہاؤسنگ سوسائٹی کے سیکریٹری شجاعت اللہ نے کہا کہ وہ بڑے بلڈرز کو پنجاب میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہیں جیسا کہ گلبرگ پراجیکٹ کا اسلام آباد میں آغاز کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں اپارٹمنٹس کا نیا رجحان فروغ پارہا ہے جو کراچی کے سرمایہ کاروں اور بلڈرز کے لیے اچھا موقع ہے۔ انہوں نے کہا کہ رئیل اسٹیٹ کا شعبہ کرونا کی وباء میں بھی متاثر نہیں ہوسکا جس سے اس شعبہ کی اہمیت کا اندازہ ہوتا ہے۔کراچی چیمبر کے صدر ادریس میمن نے افتتاحی تقریب سے خطاب میں کہا کہ بلڈ ہوم ایکسپو 2021 لاک ڈاؤن اور معیشت میں سکڑاؤ کے بعد تعمیراتی صنعت کی سب سے بڑی نمائش ہے۔ انہوں نے کہا کہ نمائش پاکستان کی معیشت کو کرونا کے اثرات سے نکلنے اور معاشی نمو کو مستحکم بنانے میں اہم کردار ادا کریگی۔ایسوسی ایشن آف بلڈرز اینڈ ڈیولپرز (آباد) کے چیئرمین محسن شیخانی نے کہا کہ تعمیراتی صنعت دیگر متعلقہ 60صنعتوں کی ماں کا درجہ رکھتی ہے اور غیرملکی سرمایہ کاروں کو راغب کرتی ہے۔ انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ پالیسیوں پر نظر ثانی کرے اور تعمیراتی صنعت کے لیے سازگار ماحول مہیا کرے۔ آر جے گرینز لمیٹڈ کے سی ای او عمران نے کہا کہ وفاقی حکومت کی جانب سے تعمیراتی صنعت کو دی جانیو الی مراعات کی وجہ سے ملک میں تعمیراتی سرگرمیوں کو بھرپور تقویت ملی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہاؤسنگ پراجیکٹس کا دائرہ کرا اب بڑے شہروں سے نکل کر چھوٹے شہروں تک وسیع ہورہا ہے جبکہ اسلام آباد میں بھی جدید ہاؤسنگ پراجیکٹس متعارف کرائے جارہے ہیں۔ بدر ایکسپو سلوشنز کے منیجنگ ڈائریکٹر زوہیر نصیر نے کہا کہ نمائش سے شہریوں کو رہائشی اور کمرشل منصوبوں میں سرمایہ کاری کے سلسلے میں رہنمائی اور آگاہی حاصل ہوگی اور تعمیراتی صنعت میں نئے رجحانات کو اجاگر کرنے میں مدد ملے گی۔