کراچی(رپورٹ:منیر احمد بھٹی)انٹرنیشنل کرکٹر شاہنواز ڈھانی اور سینئر اسپورٹس جرنلسٹ سید نصر اقبال کو انکی پیشہ وارانہ خدمات کے اعتراف میں ڈاکٹر ایم اے شاہ گولڈ میڈل سے نوازا گیا۔ اسپورٹس جرنلسٹس ایسوسی ایشن سندھ( سجاس)کے تحت جمعہ کو آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی میں منعقدہ سالانہ ایوارڈ کی تقریب کی صدارت صوبائی وزیر اطلاعات و لیبر سعید غنی نے کی جبکہ سیکریٹری اسپورٹس اینڈ یوتھ افیئر حکومت سندھ اختر عنایت بھرگڑی نے مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی۔ تقریب میں لاڑکانہ سے پہلا انٹرنیشنل کرکٹر کا اعزاز حاصل کرنے والے فاسٹ بولر شاہنواز ڈھانی کو ان کی محنت اور لگن کے اعتراف میں سجاس گولڈ میڈل سے نوازا گیا جبکہ اسپورٹس جرنلزم میں بہتر خدمات سرانجام دینے پر سینئر اسپورٹس جرنلسٹ سید نصر اقبال کو ان کی پیشہ وارانہ خدمات کے اعتراف میں ڈاکٹر ایم اے شاہ گولڈ میڈل دیا گیا۔ ملکی اور غیر ملکی سطح پر ملک کا نام روشن کرنے والے محمد روحان خان (جوجسٹ)،مینا حبیب (ٹگ آف وار)،ماریہ ناصر(باکسنگ)، عبدالجبار (ملاکھڑا)،محمد دانیال خان (باسکٹ بال)اور اویس شہزاد کو سجاس کے پہلے منتخب صدر راشد صدیقی ٹیلنٹ ایوارڈ جبکہ نیشنل جونیئر گالفر عمر خالد، انٹرنیشنل سائیکلسٹ رجب علی ساٹی اور انٹرنیشنل روئنگ پیلیئرحوریہ فیصل کو سجاس اسپیشل ایوارڈ دیا گیا۔کے سی سی اے کے سابق جوائنٹ سیکریٹری جمیل احمد ، کمشنر کراچی اسپورٹس کمیٹی کے کنوینر و کراچی باسکٹ بال ایسوسی ایشن کے صدر غلام محمد سمیت جاوید اقبال، رضوان علی، کاشف فاروقی، ارشد وہاب ، کلثوم جہاں، شاہد انصاری،آصف خان، محمود ریاض، جعفر حسین ، حذیفہ خان ، عمران صدیقی، مزمل آصف، جمشید احمد راجپر، بدیع الزماں کو بھی ایوارڈ سے نوازا گیا۔ سینئیر صحافی زبیر نذیر خان، امتیاز نارنجا ،جنید راجپوت ، انتخاب علی کو میڈیا ایوارڈ جبکہ انٹر نیشنل باسکٹ بال کوچ ایس ایم تنویر کو لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ سے نوازا گیا۔ صوبائی وزیر سے گولڈ میڈل وصول کرنے کے بعد شاہنواز ڈھانی نے متظمین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ جب بھی موقع ملا اپنی صلاحیتوں کے ذریعے ملک کا نام روشن کرتا رہوں گا۔ قبل ازیں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سعید غنی کا کہنا تھا کہ محنت و لگن کا کوئی نعم البدل نہیں، باصلاحیت کھلاڑی کا راستہ کوئی نہیں روک سکتا، شاہنواز ڈھانی اس کی روشن مثال ہے، سجاس کے پلیٹ فارم لاڑکانہ سے تعلق رکھنے والے انٹرنیشنل کرکٹر شاہنواز ڈھانی کو گولڈ میڈل ملنا اس کے حوصلوں کو مزید بلند کرنے میں معاون ثابت ہوگا، امید ہے شاہنواز ڈھانی لمبے عرصے تک کرکٹ کے میدانوں میں ملک کا نام روشن کرتے رہیں گے۔ سیکرٹری اسپورٹس اینڈ یوتھ افیئر حکومت سندھ اختر عنایت بھرگڑی نے اپنے خطاب میں کہا کہ شاہنوازڈھانی سندھ کا نہیں ملک کا ہیرو ہے، اپنی صلاحیتوں کی بنیاد پر اس نے سب کو اپنا گرویدہ بنالیا ہے۔سابق ٹیسٹ کرکٹر توصیف احمد نے پہلی بار شاہنوازڈھانی سے ملاقات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ شاہنواز ڈھانی کی کوچنگ کے دوران اس کی صلاحیتوں کا اندازہ ہوگیا تھا۔ تقریب سے سجاس کے پیٹرنز ڈاکٹر فرحان عیسی عبداللہ، خواجہ احمد مستقیم، پی ایف یو جے کے صدر جی ایم جمالی، آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کے صدر محمد شاہ،سیکرٹری پروفیسر اعجاز احمد فاروقی، چیئرمین کے ایچ اے گلفراز احمد خان، ڈائریکٹر نیا ناظم آباد جمخانہ محمد طلحہ سمیت سجاس کے صدر آصف خان اور جنرل سیکرٹری اصغر عظیم نے بھی خطاب کیا۔