اسلام آباد (خبر نگار خصوصی+ اے پی پی+ این این آئی) بلوچستان کے ضلع کیچ میں دہشت گردوں نے سکیورٹی چیک پوسٹ کو ہدف بنا کر حملہ کر دیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے ساتھ فائرنگ کے تبادلہ میں لانس نائیک منظر عباس اور سپاہی عبدالفتح شہید ہوگئے۔ شہید ہونے والے منظر عباس کا تعلق ضلع خوشاب اور عبدالفتح کا تعلق ضلع خضدار سے ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق فرار ہونے والے دہشت گردوں کی تلاش کے لئے سرچ آپریشن جاری ہے۔ ترجمان پاک فوج کے مطابق پاک فوج دہشت گردوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنانے کے لئے پرعزم ہے اور دہشت گردوں کو بلوچستان کا امن و استحکام اور ترقی کا عمل روکنے نہیں دیا جائے گا۔ وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے حملے کی مذمت کرتے ہوئے شہادت کی اطلاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ شیخ رشید نے کہا کہ دشمن کی بلوچستان کی ترقی کوسبوتاژ کرنے کی ہر کوشش ناکام ہوگی۔ وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب کہنا ہے کہ ملکی دفاع کے لیے جانیں قربان کرنے والے ہمارے اصل ہیروز ہیں‘ آخری دہشت گرد کے خاتمے تک ہماری سکیورٹی فورسز آپریشن جاری رکھیں گی۔ انہوں نے دہشت گردوں کے حملے کی مذمت کی ہے۔