لاہور (خصوصی نامہ نگار + اے پی پی) دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی مسیحی برادری آج کرسمس کا تہوار انتہائی جوش و خروش، مذہبی تزک و احتشام اور روایتی جذبہ کے ساتھ منائے گی۔ کرسمس ٹریز کی تیاری کے ساتھ ساتھ تمام چرچز کو انتہائی خوبصورتی سے سجا دیا گیا ہے۔ کرسمس کی مناسبت سے گزشتہ رات گرجا گھروں میںخصوصی عبادات اور دعائیہ تقریبات کا آغاز ہوا جو صبح تک جاری رہا اور ان کے اختتام پر ملکی ترقی، قیام امن اور سلامتی و خوشحالی کی خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔ صدر ڈاکٹر عارف علوی نے پاکستان سمیت دنیا بھر کی مسیحی برادری کو کرسمس کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے پاکستان میں بسنے والی تمام اقلیتوں بالخصوص مسیحی برادری کی ملک کے لئے خدمات کو سراہا اور اس یقین کا اظہار کیا ہے کہ وہ پاکستان میں امن اور خوشحالی کے فروغ میں اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے، حکومت آئین پاکستان کے تحت اقلیتوں سمیت تمام پاکستانیوں کو مساوی مواقع فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔
مسیحی برادری آج کرسمس منائے صدر عارف علوی کی مبارکباد
Dec 25, 2021