ماسکو (نوائے وقت رپورٹ + اے پی پی) روس کے ایک اولڈ ہوم میں لگنے والی آگ میں 22 معمر افراد ہلاک ہوگئے۔ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق سائبیریا کے شہر کیمیروو کے ایک اولڈ ہاؤس میں لگنے والی آگ میں دوسری منزل جل کر راکھ کا ڈھیر بن گئی جس میں 22 افراد ہلاک ہوگئے جب کہ متعدد زخمی ہیں۔ فائر بریگیڈ کے عملے نے دوسری منزل میں لگی آگ پر قابو پالیا۔ 4 افراد بری طرح جھلس کر شدید زخمی ہوگئے جنھیں قریبی ہسپتال منتقل کیا گیا ہے جن میں سے دو کی حالت نازک ہے۔ امدادی کاموں کے دوران ہوا کے کم دباؤ کے باعث مشکلات کا سامنا رہا۔ خوفناک آتشزدگی میں ہلاک ہونے والے برزگ شہریوں کی شناخت کا عمل جاری ہے۔ لواحقین کی بھی تلاش جاری ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ یہ اولڈ ہاؤس بغیر رجسٹریشن کے قائم کیا گیا تھا اور کسی بھی ہنگامی صورت حال سے نکلنے کے لیے انخلا کا راستہ بھی نہیں تھا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی تحقیقات کے لیے انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی گئی۔ مقامی سکیورٹی اداروں کی ابتدائی تفتیش کے مطابق یہ نرسنگ ہوم لکڑی کی دو منزلہ عمارت میں غیرقانونی طور پر قائم تھا جہاں آگ استعمال ہونے والے چولہے کی وجہ سے لگی ہے۔
ماسکو: لکڑی سے بنے اولڈہوم میں آتشزدگی‘22 افراد ہلاک متعدد زخمی
Dec 25, 2022