سرینگر(اے پی پی)بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر میں بدنام زمانہ بھارتی تحقیقاتی ادارے نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی (این آئی اے) اور بھارتی فورسز اہلکاروں نے آج بھی محاصرے و تلاشی کی کارروائیوں اور چھاپوں کا سلسلہ جاری رکھا۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق این آئی اے کے اہلکاروں نے بھارتی پولیس اور پیرا ملٹری ہلکاروں کے ساتھ مل کر مقبوضہ علاقے میں متعدد مقامات پر چھاپے مارے او ر مکینوں کو سخت ہراساں کیاجبکہ انتظامیہ نے آج جماعت اسلامی کی کم از کم 20 مزید جائیدادیں ضبط کر لیں۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق یہ جائیدادیں نئی دہلی کے زیر کنٹرولسٹیٹ انویسٹی گیشن ایجنسی (ایس آئی اے ) کی سفارشات پر وادی کشمیر کے مختلف اضلاع میں ضبط کی گئیں۔ اس اقدام کا مقصد تنظیم کو کشمیریوں کی جاری تحریک آزادی میں اس کے کردار پر نشانہ بنانا ہے۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما غلام احمد گلزار نے افسوس کا اظہار کیا ہے کہ آر ایس ایس کی حمایت یافتہ نریندر مودی کی زیر قیادت فسطائی بھارتی حکومت نے بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ حق خود ارادیت کے حصول کے لیے کشمیریوں کی منصفانہ جدوجہد کو دبانے کے لیے انکے خلاف ایک بھرپور جنگ چھیڑ رکھی ہے ۔دوسری جانب کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر و پاکستان کے سیکرٹری اطلاعات امتیاز وانی نے کہاہے کہ مسئلہ کشمیرحل نہ ہونے کی وجہ سے بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں وکشمیرمیں خونریزی ہورہی ہے ،عالمی برادری کو چاہیے کہ وہ اس دیرینہ تنازعہ کے حل کے لیے آگے آئے۔
تلاشی کارروائیاں جاری ، جماعت اسلامی کی مزید 20 جائیدادیں ضبط
Dec 25, 2022