اسحاق ڈار سے برطانوی رکن پارلیمنٹ خالد محمود کی ملاقات، دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال 


اسلام آباد (نمائندہ خصوصی+ این این آئی) وفاقی وزیر خزانہ اور ریونیو سینیٹر اسحاق ڈار سے برطانوی پارلیمنٹ کے ہاؤس آف کامنز دارالعوام کے رکن خالد محمود نے ملاقات کی۔ وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے خزانہ طارق باجوہ  اور معاون خصوصی برائے محصولات طارق محمود پاشا بھی موجودتھے۔ ملاقات میں دو طرفہ تعلقات اور علاقائی اہمیت کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار اور خالد محمود نے پاک برطانیہ دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا۔ وزیر خزانہ نے دونوں ممالک کے درمیان دوستی کے موجودہ لیول پر اطمینان کا اظہار کیا اور امید ظاہر کی کہ دونوں ممالک کے درمیان تعاون مستقبل میں مزید مضبوط ہوگا۔ برطانو ی دارالعوام کے رکن خالد محمود نے اسحاق ڈار کو وزارت خزانہ کا قلمدان سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی اور مون سون کی تباہ کن بارشوں اور سیلاب سے ہونے والے جانی و مالی نقصان پر ہمدردی کا اظہار کیا۔ وزیر خزانہ اور صدر انٹرنیشنل آفیئرز سینیٹر اسحاق  ڈار سے چیف کوآرڈی نیٹر انٹرنیشنل افیئرز بیرسٹر امجد علی نے وزارت خزانہ میں ملاقات کی جس میں اوورسیز پاکستانیوں کی فلاح و بہبود کیلئے مختلف تجاویز پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ای پیپر دی نیشن