اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احسن ظفر بختاوری نے کہا کہ قائد اعظم محمد علی جناح نے ایک خود کفیل، خوشحال اور معاشی طور پر مضبوط پاکستان کا خواب دیکھا تھا جس کو دنیا میں ایک نمایاں مقام حاصل ہوا ، قائداعظم کے اکنامک ویثرن کو اپنا کر ہی پاکستان کو موجودہ معاشی مشکلات سے نکال کر ایک مضبوط معیشت بنایا جا سکتا ہے لہذا انہوں نے مطالبہ کیا کہ پاکستان کو پائیدار اقتصادی ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کیلئے حکومت قائداعظم کے اکنامک ویثرن کو عملی جامہ پہنانے پر خصوصی توجہ دے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے بانی پاکستان کے یوم پیدائش کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا جس کا اہتمام چیمبر میں کیا گیا۔ اس موقع پر ایک کیک کاٹا گیااحسن بختاوری نے کہا کہ قائد اعظم کا یوم پیدائش ہمیں یہ یاددہانی کراتا ہے کہ پاکستان کو ایک ترقی کرتا ہوا ملک بنانے کیلئے زندگی کے ہر شعبے اتحاد و یکجہتی کو فروغ دیا جائے اور سیاسی استحکام کو ترجیح دی جائے کیونکہ سیاسی استحکام کے بغیر معاشی استحکام ممکن نہیں ہے۔