نظرثانی اپیل کا فیصلہ کل : نمبر پورے نہیں ، پرویز الہی حکومت ختم ہو جا ئینگی، ن لیگ


لاہور‘ اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ + نمائندہ خصوصی + این این آئی) وزیراعظم شہباز شریف کی زیرصدارت مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنمائوں کا  اجلاس ہوا، جس میں انہیں بریفنگ دی گئی کہ آئندہ ماہ پنجاب سے تحریک انصاف کی حکومت ختم ہو جائے گی۔ ذرائع کے مطابق اہم اجلاس میں چودھری پرویز الٰہی کی لاہور ہائیکورٹ سے بطور وزیراعلیٰ بحالی اور اس کے بعد کی صورت حال پر غور کیا گیا۔ اجلاس میں وزیراعظم کو بتایا گیا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے پاس اعتماد کے ووٹ پورے نہیں ہیں۔ مسلم لیگ ن کی سینئر قیادت کے اجلاس میں وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ، وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ، وزیر اعظم کے معاونین خصوصی ملک احمد خان اور عطاء اللہ تارڑ کے علاوہ ق لیگ کے رہنما اور وفاقی وزیر طارق بشیر چیمہ شریک ہوئے، جس میں ملک بھر کی مجموعی صورت حال خصوصاً پنجاب کی موجودہ سیاسی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ نجی ٹی وی کے مطابق اجلاس میں وزیراعلیٰ پنجاب کو گورنر کی جانب سے اعتماد کا ووٹ لینے کے آئینی حکم نامے پر بھی غور کیا گیا۔ پارٹی ذرائع کے مطابق وزیراعظم کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ وزیراعلیٰ خواہ اس معاملے کو جتنا بھی تاخیر کا شکار کر لیں، انہیں ہرصورت اعتماد کا ووٹ لینا ہی ہو گا جب کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے پاس اعتماد کا ووٹ لینے کے لیے نمبرز بھی پورے نہیں ہیں۔ این این آئی کے مطابق اجلاس کے شرکاء نے معزز عدالت کے فیصلے پر اپنے تحفظات کا اظہار کیا۔ اس موقع پر قانونی ماہرین نے تفصیلی بریفنگ دی جس کے بعد فیصلے کے نکات پر نظرثانی کی درخواست دینے کا فیصلہ کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں کہا گیا کہ وزیر اعلی کو مکمل اختیارات دینے سے ہارس ٹریڈنگ ہوگی، تحریک انصاف اور مسلم لیگ (ق)کے ناراض ارکان کو اضافی فنڈز دے کر اعتماد کا ووٹ لینے کے لیے آمادہ کیا جائے گا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ عدالت عالیہ سے فیصلے پر نظرثانی کرنے کی اپیل کی جائے گی۔ ذرائع کے مطابق اس حوالے سے مزید مشاورت بھی ہو گی اور ممکنہ طور پر پیر تک حتمی فیصلہ کر لیا جائے گا۔ دریں اثناء چیف کوآرڈینیٹر انٹرنیشنل افئیرز اور اوورسیز پاکستانیز بیرسٹر امجد ملک نے  وزیراعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف کیساتھ وزیراعظم ہاؤس میں خصوصی ملاقات کی۔ اوورسیز پاکستانیوں کی فلاح و بہبود کیلئے مختلف تجاویز پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم نے تمام گزارشات پر غور کرنے کا عندیہ دیا اور بیرسٹر امجد ملک کے بیٹے حمزہ ملک کی شادی خانہ آبادی پر خصوصی مبارکباد دی۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے وفاقی سرکاری عمارتوں کو شمسی توانائی پر منتقل کرنے کے منصوبے کو جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایت کر دی۔ بجلی کی روزمرہ ضروریات کو پورا کرنے کے لئے شمسی توانائی کے استعمال پر جائزہ اجلاس کیا گیا۔

ای پیپر دی نیشن

''درمیانے سیاسی راستے کی تلاش''

سابق ڈپٹی سپیکرقومی اسمبلی پاکستان جن حالات سے گزر رہا ہے وہ کسی دشمن کے زور کی وجہ سے برپا نہیں ہو ئے ہیں بلکہ یہ تمام حالات ...